ڈیمز عملدرآمد کمیٹی کا اجلاس،دیامر بھاشا اور مہمندڈیمز پر زمین کے حصول اور متاثرین کی آبادکاری بارے پیشرفت کا جائزہ لیا گیا

جمعرات 29 فروری 2024 18:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 فروری2024ء) سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر تشکیل دی گئی دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز عملدرآمد کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ یہ اجلاس دیامر بھاشا ڈیم کی لینڈ ایکوزیشن اینڈ ری سیٹلمنٹ سب کمیٹی کی درخواست پربُلایا گیا تھا۔ چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ)سجاد غنی، جو ڈیمز عملدرآمد کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں، نے اجلاس کی صدارت کی۔

چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، سینئر ممبر بورڈ آف ر یونیوخیبرپختونخوا، جوائنٹ سیکریٹری فنانس ڈویژن، ٹیم لیڈر وزیراعظم آفس، کمشنر ہزارہ ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر دیامراجلاس میں ورچوئلی شریک ہوئے، جبکہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ڈویلپمنٹ) خیبرپختونخوا کے نمائندے، چیف (واٹر) پلاننگ ڈویژن کے نمائندے، واپڈا کے ممبر فنانس، ممبر واٹر اور ممبر پاور، جنرل منیجر ( کوآرڈینیشن اینڈمانیٹرنگ) ، جنرل منیجر ( لینڈ ایکوزیشن اینڈ ری سیٹلمنٹ)، چیف ایگزیکٹو آفیسر دیامربھاشا ڈیم کمپنی، جنرل منیجر/ پراجیکٹ ڈائریکٹر دیامربھاشا ڈیم، جنرل منیجر/ پراجیکٹ ڈائریکٹرمہمند ڈیم، کمشنر دیامر- استور ڈویژن اور واپڈا کے دیگر متعلقہ آفیسرز نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں چیئرمین واپڈا نے اجلاس میںارکان کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے گذشتہ اجلاس میں دیے گئے اہداف بارے پیش رفت پر ذیلی کمیٹی کی تعریف کی۔چیئرمین نے امید ظاہر کی کہ گلگت بلتستان کی انتظامیہ گھریلو اور مسنگ چولہا کیسز حل کرنے کیلئے اپنی حکمت عملی کو جلد حتمی شکل دے گی۔ چیئرمین نے کہا کہ واپڈا متاثرین کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ متاثرین کے قانونی اور جائز کیسز کو جلد از جلد حل کیا جائے۔

اجلاس میں کمشنر دیامر-استور ڈویژن نے زمین کے حصول اور پراجیکٹ متاثرین کیلئے گھرانوں اور مسنگ چولہا کیسز پر پیش رفت کے ساتھ ساتھ شکایات کے ازالہ کیلئے قائم کمیٹی اور مسنگ چولہا کمیٹی کیلئے بنائے گئے اصول و ضوابط پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ممبر فنانس واپڈا، چیف ایگزیکٹو آفیسر دیامر بھاشا ڈیم ، جنرل منیجر/ پراجیکٹ ڈائریکٹر مہمند ڈیم، ڈپٹی کمشنر مہمند اور ڈائریکٹر (لیگل) واپڈا نے عملدرآمد کمیٹی کے دسمبر 2023 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر اب تک کی پیش رفت بارے اجلاس کو آگاہ کیا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس وقت دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تمام اہم سائٹس پر تعمیراتی کام تسلی بخش رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔ دیامر بھاشا ڈیم دریائے سندھ پر تعمیر کیاجارہا ہے۔ ڈیم میں 8.1 ملین ایکڑ فٖٹ پانی ذخیرہ ہوگا اور 4ہزار500 میگا واٹ سستی اور ماحول دوست بجلی پیدا ہوگی۔ منصوبے کی تکمیل 2028 میں شیڈول ہے۔ مہمند ڈیم دریائے سوات پر زیر تعمیر ہے اور اس کی تکمیل 2026 میں شیڈول ہے۔ اس ڈیم کی تکمیل پر 1.2 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا اور 800میگا واٹ پن بجلی پیدا ہوگی۔