9 مئی کے ملزمان کو سزا ملتی تو 8 فروری کونوازشریف کو اکثریت ملتی

کورکمانڈر کانفرنس میں کہا گیا 9 مئی میں ملوث ملزمان کو نہیں چھوڑ جائے گا، کاش یہ احساس 8فروری سے پہلے ہوتا تو بے گناہ باہر آجاتے اور گنہگاروں کو سز امل جاتی، مرکزی رہنماء ن لیگ میاں جاوید لطیف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 5 مارچ 2024 23:11

9 مئی کے ملزمان کو سزا ملتی تو 8 فروری کونوازشریف کو اکثریت ملتی
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 مارچ 2024ء) مرکزی رہنماء مسلم لیگ ن میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ 9مئی کے ملزمان کو سزا ملتی تو 8 فروری کونوازشریف کو اکثریت ملتی،کورکمانڈر کانفرنس میں کہا گیا 9 مئی میں ملوث ملزمان کو نہیں چھوڑ جائے گا، کاش یہ احساس 8فروری سے پہلے ہوتا تو بے گناہ باہر آجاتے اور گنہگاروں کو سز امل جاتی۔ انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں نوازشریف کا موڈ بالکل ٹھیک ہے، موجودہ حالات میں کوئی بھی حکومت بنانے کو تیار نہیں تھا، جو جماعت حالات کو حکومت بنانے کیلئے مجبور ہوئی، ان کے چہروں پر کیسے اطمینان ہوگا کہ جس طرح چیلنجز ہیں، ابھی مہنگائی مزید بڑھے گی، پاکستان گرداب میں پھنسا ہوا ہے، خدا نخواستہ مالیاتی اداروں کی جانب سے جوشرائط ہوں گی، اس کے باعث پاکستان مزیدگرداب میں پھنستا جائے، لیکن اب ماحول ایسا بنا دیا گیا ہے، کہ گورننس پر بات کرنے کی بجائے مار دو یا مر جاؤ جیسی باتیں ہورہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں مشکل ترین وقت ہے، 9مئی کے واقعے کو 10ماہ ہوگئے ہیں، آج ایک کانفرنس ہوئی اس کا جو اعلامیہ سامنے آیا ہے، اس میں کہا گیا کہ 9مئی کے مجرمان کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا، کاش یہ احساس 8فروری سے پہلے ہوتا اگر کوئی بے گناہ ہوتا تواس کو چھوڑ دیا جاتا اور جو گنہگار ہوتا اس کو سز املتی۔

جاوید لطیف نے کہا کہ نوازشریف کبھی بھی جیل توڑ کر باہر نہیں گئے، نواز شریف کو جیل میں زہر نہیں دیا گیا؟ کیا وہ خوشی سے گئے تھے۔میاں نوازشریف کی رہنمائی کے بغیر ملک کو گرداب سے نکالنا بڑا مشکل ہے، 18ماہ کی حکومت قومی حکومت تھی لیکن نوازشریف کی رہنمائی حاصل تھی۔ اگر 9مئی کے فیصلے 8فروری سے پہلے آجاتے، نوازشریف کو سادہ اکثریت مل جاتی تو ملک کو گرداب سے نکالنا آسان ہوتا۔

میں سر پر قرآن پاک رکھ کر کہہ سکتا ہوں کہ الیکشن سے پہلے اور بعد میں جن لوگوں نے مجھے کہا کہ کراس لگا ہوا تھا، ان کے نام بتا سکتا ہوں لیکن کیس کسی اور موقعے کیلئے چھوڑ رہا ہوں۔ آج جو جیل میں ہے، اور ان پر 9مئی کا الزام ہے، وہ ملاقاتیں کررہے ہیں، لیکن وہ وقت بھی تھا جب میاں نوازشریف کو ممنون حسین ملنے آئے تھے لیکن ملنے نہیں دیا گیا۔