الیکشن کمیشن نے این اے 130 لاہور سمیت تین حلقوں میں انتخابی عذرداریوں پر فیصلے محفوظ کرلیے

جمعرات 7 مارچ 2024 00:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2024ء) الیکشن کمیشن نے این اے 130 لاہور سمیت تین حلقوں میں انتخابی عذرداریوں پر فیصلے محفوظ کرلیے۔بدھ کو الیکشن کمیشن میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 158 وہاڑی سے آزاد امیدوار طاہر اقبال کے وکیل میاں اظہر شوکت پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ ہم فارم 45 کے مطابق جیت چکے،فارم 47 میں ہمیں ہرا دیا گیا۔

وکیل آزاد امیدوار نے کہا کہ فارم 45 سے ہی فارم 47 بنتا ہے،ہم نے اس حوالے سے آر او کوبھی درخواست دی ہے۔کمیشن نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔ این اے 81 گجرانوالہ میں مظہر قیوم ناہرہ نےدوبارہ گنتی کی درخواست کی جس کی الیکشن کمیشن میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔ آزاد امیدوار چوہدری بلال اعجاز کے وکیل پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ اگر کم لیڈ سے جیتے ہوتے تو کوئی اور بات تھی۔

(جاری ہے)

ن لیگی امیدوار اظہر قیوم کے وکیل کمیشن میں پیش ہوئے اور کمیشن سے استدعا ہے کہ دوبارہ گنتی کروائی جائے۔کمیشن نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔ممبر خیبرپختونخوا جسٹس ر اکرام اللہ خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی درخواست گزار ایڈوکیٹ اشتیاق چوہدری ذاتی حیثیت میں کمیشن کے سامنے پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ حلقے میں درست ووٹوں کی تعداد زیادہ جبکہ گنے گئے ووٹ کی تعداد کم ہے،ایک ہی حلقے کے دو نتائج کس طرح جاری کیے جاسکتے ہیں۔کمیشن نے این 130 میں دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔