پیپلزپارٹی رہنماﺅں نے آصف زرداری کا صدر بننا جمہوریت کیلئے اچھاشگون قرار دیدیا

گھٹن کی فضا ختم ہوگی، نواز شریف آج آصف زرداری کو ووٹ ڈالیں گے،آصف زرداری کی ملک کیلئے خدمات پر مخالفین بھی یقین رکھتے ہیں،گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 9 مارچ 2024 12:46

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 مارچ2024 ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماﺅ ں نے آصف علی زرداری کا صدر بننا جمہوریت کیلئے اچھا شگون قرار دیدیا، گھٹن کی فضا ختم ہوگی، نواز شریف آج آصف زرداری کو ووٹ ڈالیں گے۔قومی اسمبلی آمد پر سابق سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آصف زرداری کا صدر مملکت بننا جمہوریت اور ملک کیلئے اچھا ثابت ہوگا۔انشاءاللہ آج آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے صدر مملکت منتخب ہوجائیں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماءشازیہ مری نے بھی پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کے اہم آئینی عہدے کا انتخاب ہونے جارہا ہے ، آصف زرداری کی ملک کیلئے خدمات پر مخالفین بھی یقین رکھتے ہیں۔اسی طرح پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار سویلین صدر دوسری بار منتخب ہونے جا رہا ہے، ملک کو جن مسائل کا سامنا ہے اس کیلئے آصف زرداری جیسی سوچ کا صدر ہونا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

حسن مرتضیٰ کا مزیدکہنا تھا کہ آصف زرداری نے اپنی صدارت میں ملک میں سیاسی ڈائیلاگ کا راستہ کھولا، بلوچستان کو قومی دھارے میں لے کر آئے۔پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماءنثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ ملک کو معاشی اور سیاسی بحران سے آصف زرداری اور پیپلزپارٹی ہی نکال سکتی ہے۔ 18 ویں ترمیم کے تحت صوبائی خود مختاری کی شقوں پر عمل کرایا جائے گا۔

مضبوط صوبے مضبوط وفاق کی علامت ہوتے ہیں، صوبوں کے وسائل پر صوبوں کا مکمل حق تسلیم کرایا جائے گا۔رہنماءپیپلزپارٹی شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری 400 سے زائد ووٹ لے کر کامیاب ہوں گے۔ آصف زرداری نے پارلیمان کو اختیارات دئیے ہیں، آصف زرداری بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے۔آصف زرداری نے این ایف سی اور سی پیک کے تاریخی کام کیے ہیں، جبکہ وہ چاروں صوبوں کو جوڑیں گے۔شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ آصف زرداری تمام اداروں کو ساتھ بٹھائیں گے، ملک کو آگے چلنا ہے تو نفرت اور الزام تراشی کی سیاست ختم کرنا ہونگے۔