نئے صدر مملکت کی تقریب حلف بردار ی کل ہوگی

حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں کل شام 4 بجے ہوگی، چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نومنتخب صدر سے حلف لیں گے، ایوان صدر نے تقریب کیلئے دعوت نامے جاری

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 9 مارچ 2024 14:36

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 مارچ2024 ء) ملک کے14ویں منتخب ہونے والے صدر مملکت کی تقریب حلف برداری کل ہوگی،حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں کل شام 4بجے منعقد کی جائیگی ،چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نومنتخب صدر سے حلف لیں گے۔حلف برداری کی تقریب میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ساحر شمشاد سمیت وزیراعظم شہباز شریف،مسلم لیگ ن کے قائد نواز،چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری ،سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی ،سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق،چاروں صوبوں کے گورنرزاور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ،غیر ملکی سفیروں سمیت مختلف سیاسی شخصیات اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران شرکت کرینگے۔

ایوان صدر نے حلف برداری کی تقریب کیلئے دعوت نامے جاری کر دئیے ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سابق صدر مملکت عارف علوی کوگزشتہ روز الوداعی گارڈ آف آنر پیش کر دیاگیا،مسلح افواج کے دستوں کی جانب سے الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیاگیا۔ عارف علوی کے اعزاز میں الوداعی تقریب ایوان صدر میں منعقد کی گئی تھی۔الوداعی گارڈ آف آنرکے بعد سابق صدر عارف علوی نے ایوان صدر کے سٹاف سے فردافردا مصافحہ کیا ۔

قبل ازیں سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گزشتہ روز ایوان صدر خالی کردیاتھا۔ اپنا سامان سابق صدور کیلئے مختص رہائش گاہ میں منتقل کردیاتھا۔سابق صدر کے عہدے کی آئینی مدت ستمبر 2023 میں مکمل ہوگئی تھی۔ عارف علوی نے ستمبر 2018 کو صدر پاکستان کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا اور ان کے عہدے کی پانچ سالہ آئینی مدت گزشتہ سال ستمبر میں مکمل ہوچکی تھی تاہم الیکٹورل کالج مکمل نہ ہونے کی وجہ سے وہ 6 ماہ سے زائد عہدہ صدارت پر براجمان رہے۔