Live Updates

ہمارے خلاف سازش کی گئی، ایک دن تمام سازشی بے نقاب ہوں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

چیف الیکشن کمشنر بار بار آئین توڑ رہے ہیں لیکن کسی کو پرواہ نہیں، آئین توڑنے کے مرتکب افراد کو آرٹیکل 6 کے مطابق سزا دی جائے۔ علی امین گنڈا پور کا مطالبہ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 10 مارچ 2024 18:50

ہمارے خلاف سازش کی گئی، ایک دن تمام سازشی بے نقاب ہوں گے، وزیراعلیٰ ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 مارچ 2024ء ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے چیف جسٹس سے سائفر کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے خلاف سازش کی گئی، ایک دن تمام سازشی بے نقاب ہوں گے، چیف الیکشن کمشنر بار بار آئین توڑ رہے ہیں مگر کسی کو پرواہ نہیں، آئین توڑنے کے مرتکب افراد کو آرٹیکل 6 کے مطابق سزا دی جائے تفصیلات کے مطابق پشاور میں جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کونسل نے مانا سائفر کا معاملہ مداخلت تھی، وفاقی حکومت سے ڈی کلاسیفائیڈ ہونے کے بعد سائفر خفیہ نہیں رہا، ہمارے خلاف سازش کی گئی اور ایک دن تمام سازشی بے نقاب ہوں گے۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ سائفر پر چیف جسٹس پاکستان جلداز جلد جوڈیشل کمیشن بنائیں، فارم 45 کے مطابق ہمارے لوگ جیتے ہوئے ہیں اس پر بھی کمیشن بنایا جائے کیوں کہ انتخابات میں د ھاندلی ہوئی، کمیشن بنا کر اس کی تحقیقات کی جائیں، اسی طرح ہماری مخصوص نشستیں کسی اور کو دینا غیرآئینی و غیرقانونی ہے، جب تک ہماری سیٹیں ہمیں نہیں دی جاتیں احتجاج جاری رہے گا، کرپشن، نا انصافی اور ظلم کے خلاف جہاد کرنا ہے، ہم اپنا حق مانگتے رہیں گے اس کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔

(جاری ہے)

اسی جلسہ عام سے خطاب میں پاکستان تحریکِ انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ یہاں کا موسم بدلنے والا ہے اور جلد کپتان آنے والا ہے، بانی پی ٹی آئی نے قوم کو اور قوم نے عمران خان کو مایوس نہیں کیا، پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں ہیٹرک کی، یہ میری زندگی کا پہلا جلسہ ہے جس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بغیر ہوں، تمام پی ٹی آئی لیڈرز کو رہا کریں، عوامی مینڈیٹ کو بحال کیا جائے، قوم نے فارم 47 کی حکومت کو مسترد کر دیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات