زرداری ملکی سیاست سے نفرت اور عناد کا خاتمہ کرکے مفاہمت اور رواداری کو فروغ دیں گے،ملک ذیشان حسین

اتوار 10 مارچ 2024 19:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2024ء) صوبائی ڈپٹی اطلاعات سیکرٹری پیپلزپارٹی ملک ذیشان حسین نے کہاہے کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری ملکی سیاست سے نفرت اور عناد کا خاتمہ کرکے مفاہمت اور رواداری کو فروغ دیں گے، ملکی سالمیت اور ترقی کے لئے محبت کو فروغ دینا ہوگا۔پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی ڈپٹی اطلاعات سیکرٹری ملک ذیشان حسین نے صدر پاکستان آصف علی زرداری کے حلف اٹھانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہاکہ ماضی قریب میں ایک ناتجربہ کار اور اناڑی وزیراعظم نے ملک کو نفرت کی سیاست کی بھینٹ چڑھا کر وطن عزیز کو سیاسی محاذ آرائی کی نظر کر کے ملکی معیشت کو عدم استحکام کا شکار بنایا۔ جس سے سیاست میں عدم برداشت اور نفرت کی فضا پیدا یوئی۔

(جاری ہے)

جبکہ صدر زرداری نے ملکی ترقی اور استحکام کے لئے اپنے پہلے دور میں اٹھارویں ترمیم کے ذریعے پارلیمنٹ کو مزید خودداری دی، صوبوں میں محبت بڑھانے کے لئے بلوچستان میں آغاز حقوق بلوچستان جیسے منصوبے شروع کر کے نوجوانوں کو حقوق دیتے ہوئے صوبائی محرومیت جیسے تاثر کو ختم کرنے کی کوشش کی۔

ملک ذیشان حسین نے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے رواداری اور برداشت کا ماحول پیدا کرنے کے لئے سابقہ حکومت میں بھی میاں شہباز شریف کو وزیراعظم کے منصب پر فائز ہونے میں سیاسی مدد کی بلکہ موجودہ دور میں بھی سیاسی ماحول اور جمہوریت کے استحکام کے لئے شہباز شریف کو وزیراعظم بنایا۔ انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری تمام سیاسی آور جمہوری قوتوں کے ساتھ ساتھ ملکی قومی آئینی اداروں کو بھی ساتھ ملاکر ہم آہنگی پیدا کریں گے اور اس سیاسی ہم آہنگی کے نتیجے میں ملکی صنعت، تجارت، زراعت اور معیشت کو استحکام حاصل ہوگا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی و ضلعی عہدیداران بھی موجود تھے۔