امریکا اور اردن نے غزہ کے لیے فضائی راستے سے مزید امداد بھیجی، سینٹ کام

تازہ ترین فضائی امداد شمالی غزہ میں بھیجی گئی اور اس میں چاول، آٹا، پاستا اور ڈبوں میں بند کھانا شامل تھا،بیان

منگل 12 مارچ 2024 16:56

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2024ء) امریکی فوج نے کہا ہے کہ امریکہ اور اردن نے اتوار کے روز غزہ کے فلسطینیوں کے لیے بذریعہ پیراشوٹ ایک نئی فضائی امداد بھیجی جس میں 11,500 سے زیادہ کھانوں کے پیک تھے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق غزہ میں امریکہ کی حمایت یافتہ اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے انکلیو کے زیادہ تر 2.3 ملین افراد بے گھر ہو گئے اور یہ خوراک، پانی اور ادویات کی شدید قلت کا باعث بنی ہے۔

(جاری ہے)

امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ تازہ ترین فضائی امداد شمالی غزہ میں بھیجی گئی اور اس میں چاول، آٹا، پاستا اور ڈبوں میں بند کھانا شامل تھا۔ پینٹاگون کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ نے اس ماہ تقریبا 135,000 کھانے کے پیک پیراشوٹ کے ذریعے فضا سے بھیجے۔امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی امریکی فوج کو سمندری راستے سے غزہ تک امداد پہنچانے کے لیے ایک عارضی بندرگاہی نظام بنانے کا حکم دیا ہے۔ پینٹاگون نے جمعہ کے روز کہا کہ اسے تیار اور فعال ہونے میں 60 دن لگ سکتے ہیں۔ اس مدت کے بارے میں امدادی گروپ کہتے ہیں کہ یہ قحط کے خطرے کے پیشِ نظر بہت طویل ہے۔