شہبازشریف کو عمران خان سمیت سب سے بات کرناہوگی،شاہد خاقان عباسی

موجودہ حکومت میں مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں ہے، اس وقت پریشان کن صورتحال ہے، الیکشن پرانگلیاں اٹھ رہی ہیں، بیان

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 12 مارچ 2024 15:44

شہبازشریف کو عمران خان سمیت سب سے بات کرناہوگی،شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 مارچ2024 ء) مسلم لیگ ن کے ناراض رہنماءشاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ شہبازشریف کوملکی مسائل کے حل کیلئے بانی پی ٹی آئی سمیت سب سے بات کرناہوگی، موجودہ حکومت میں مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں ہے۔اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس وقت عجیب سی صورتحال ہے پریشان کن صورتحال ہے، الیکشن پرانگلیاں اٹھ رہی ہیں۔

معاملات کو اگر فوری حل نہ کیا گیا تو آگے بہت سارے مسائل کھڑے ہوسکتے ہیں۔وزیراعظم اقتصادی رابطہ کونسل کے اجلاس کی صدارت نہیں کریں گے تومعاملات نہیں چلیں گے،شہبازشریف کوای سی سی اجلاس کی خود صدارت کرناہوگی۔سیاسی انتشاررہا تو معاملات آگے نہیں بڑھیں گے،آج ملک کواتفاق کی ضرورت ہے،ہماری کوشش ہے کہ ملک کو مسائل سے باہر نکالا جائے۔

(جاری ہے)

شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کو موجودہ الیکشن کے معاملات دیکھناہوں گے،الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کے پاس ازخود نوٹس لینے کے اختیارات ہیں، ہم نے تاریخ سے کچھ نہیں سیکھا۔ آج کی سیاست انتقام اور دشمنی کی سیاست بن گئی ہے۔پاکستان کے پاس کسی مسئلے کا معجزاتی حل نہیں ہے، ہمیں ہر معاملے پر محنت کرنی ہوگی اور مشکل فیصلے کرکے ملک کو استحکام دینا ہوگا۔

پاکستان کو رواں برس بیرون ملک اور اداروں کے 21 ارب ڈالر واپس کرنے ہیں، ہمیں ایک فریق سے قرض لے کر دوسرے کو ادا کرنا پڑتا ہے۔سابق وزیراعظم نے نئی سیاسی جماعت بنانے کے حوالے سے کہا ہے کہ سیاسی جماعت بنانے کا ارادہ ہے اور بہت سے لوگ اس سلسلے میں ہم سے رابطے کر رہے ہیں۔بہت سے دوست ہماری نئی سیاسی جماعت کا حصہ بنناچاہتے ہیں،نئی سیاسی جماعت وراثتی پارٹی نہیں ہوگی۔مجھے نئی پارٹی کاصدربننے کاشوق نہیں ہے ۔مفتاح اسماعیل اگر صدربننا چاہتے تو شوق سے بن جائیں ۔