سندھ ہائی کورٹ ، پی ٹی آئی امیدوار عالمگیر کے فارم 45 کی فراہمی سے متعلق درخواست پرالیکشن کمیشن و دیگر کو نوٹس جاری

بدھ 13 مارچ 2024 17:13

سندھ ہائی کورٹ ، پی ٹی آئی امیدوار عالمگیر کے فارم 45 کی فراہمی سے متعلق ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2024ء) سندھ ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی امیدوار عالمگیر کے فارم 45 کی فراہمی سے متعلق درخواست پرالیکشن کمیشن و دیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدوار عالمگیر خان کے فارم 45 کی فراہمی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے تمام فارم ویب سائٹ پر اپلوڈ کر دیئے ہیں۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے حلف لے لیا ہے اسمبلیاں بن گئی ہیں آپ کو اسی وقت آنا تھا اب تو فارم اپ لوڈ ہو چکے ہیں۔وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے الیکشن پٹیشن فائل کرنی ہے تاحال فارم 45 اپلوڈ نہیں کیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس عقیل احمد عباسی نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ کھول کر دیکھیں فارم 45 ہے یا نہیں۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ این اے 236 کا فارم 45 مسنگ ہے۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے استفسار کیا کہ سارے فارم اپلوڈ کرنے ہوتے ہیں سرکاری وکیل نے بتایا کہ این اے 236 کا فارم 47 الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔درخواست گزار عالمگیر خان نے موقف اختیار کرتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے فارم 45 فراہم نہیں کیے گئے۔عدالت نے الیکشن کمیشن و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے این اے 236 کے فارم 45 تاحال اپ لوڈ نہ کرنے کی وجوہات طلب کرلیں۔عدالت نے الیکشن کمیشن کے ذمہ دار افسر کو بھی 21 مارچ کو طلب کرلیا۔