کئی شہر شدید زلزلے سے لرز گئے

سوات، مردان، ملاکنڈ، کالا باغ، ہنگو اور مختلف شہروں میں زلزلے سے خوف و ہراس پھیل گیا

muhammad ali محمد علی بدھ 13 مارچ 2024 20:41

کئی شہر شدید زلزلے سے لرز گئے
سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مارچ2024ء) کئی شہر شدید زلزلے سے لرز گئے، مختلف شہروں میں زلزلے سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے کئی شہر بدھ کی شب کو شدید زلزلے سے لرز گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سوات، مردان، ملاکنڈ، کالا باغ، ہنگو، چترال سمیت کئی شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے شہری خوف زد ہو کر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

اس دوران شہری مسلسل کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔ تاہم تاحال زلزلے کے باعث کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5 عشاریہ 3 جبکہ گہرائی زیر زمین 130 کلومیٹر تھی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش ریجن افغانستان تھا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان ان دنوں زلزلوں کی زد میں ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ملک میں پے درپے زلزلے آ چکے۔

26 فروری کو لاہور سمیت کئی علاقوں میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، اس زلزلے سے قبل 22 فروری کو بلوچستان کے ضلع خضدار میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ جبکہ 20 فروری کی شب کو خیبرپختونخواہ کے برفباری اور شدید سردی کے شکار سوات ریجن کے کئی علاقوں میں شدید زلزلے کے بعد شہری گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ 19 فروری کی شب گلگت بلتستان کے اضلاع میں آنے والے زلزلے کے بعد لوئر دیر سمیت خیبرپختونخواہ کے کئی علاقے بھی زلزلے سے لرز گئے۔

19 فروری کی شب لوئر دیر کے علاقوں میں آنے والے زلزلے سے چند گھنٹے قبل ملک کے مشہور سیاحتی ریجن گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ 16 فروری کو خیبرپختونخواہ کے سوات ریجن اور دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، اسی روز آزاد کشمیر کے علاقوں میں بھی زلزلہ آیا۔ جبکہ 10 فروری کو اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے درجنوں شہر زلزلے سے لرزگئے تھے۔