وزیرخزانہ آزادکشمیر سے یونیسیف کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹرکی ملاقات

یونیسیف رولنگ ورک پلان 2023-24 زیر غور ،پائیدار ترقی کے اہداف، بجٹ، خوراک ،صحت،تعلیم اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

جمعرات 14 مارچ 2024 17:38

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2024ء) آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر خزانہ عبدالماجد خان سے یونیسیف کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹرڈاکٹر انوسا کبور نے وفد کے ہمراہ مظفرآباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری خوراک آزادکشمیر سہیل اعظم، چیف پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ جوشوا کاکیرے،چیف نیوٹریشن، انتینہ گرما مناس،ڈونرز کوآرڈینیشن کنسلٹنٹ ہمراہ وزیراعظم اسماء اندرابی،ایمرجنسی سپیشلسٹ شیناز طالب و دیگر بھی موجودتھے۔

ملاقات میںیونیسیف رولنگ ورک پلان 2023-24 زیر غور لایا گیا جبکہ پائیدار ترقی کے اہداف، بجٹ، خوراک ،صحت،تعلیم اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے کہاکہ پائیدار ترقی کے اہداف مستقبل کا وژن ہیں، SDGsکے نفاذ کا مقصد غربت سے متعلق مسائل پر قابو پانا ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں خوراک ، صحت، تعلیم، پینے کا صاف پانی اور صفائی،صنفی مساوات، روزگار کی فراہمی، ماحولیاتی مسائل کے تدارک سمیت دیگر عوامل پر بتدریج بہترین انداز میں کام جاری ہے۔

17 اہداف کا یہ ٹارگٹ امن خوشخالی اور بہترین مستقبل کی ضمانت ہے۔ انھوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی حکومت نے SDGsسمیت دیگر ترقیاتی پروجیکٹس پر بھرپور کام کیا ہے جو کہ بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھا جس پر ہم یونیسف کے کردار کو بھرپور انداز میں سراہتے ہیں۔انھوں نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر کے ساتھ یونیسیف کی طویل مدتی شراکت داری خوش آئندہ ہے، یونیسیف نے زلزلے کے بعد تعمیر نو میں معاونت فراہم کرتے ہوئے انسانی وسائل اور تکنیکی مدد کی فراہمی یقینی بنائی۔

وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے کہاکہ آزادکشمیر کی فلاح کیلئے عالمی ادارے یونیسیف کے کردار کو بھرپور اانداز میں سراہتے ہیں، بالخصوص صحت، غذائیت، واش، تعلیم، بچوں کے تحفظ،سوشل ویلفئیرپروگرام کی نگرانی سمیت آزاد کشمیر کی حکومت کیلئے تکنیکی اور مالی معاونت کے حوالے سے یونیسیف کا کردار قابل ستائش ہے جس پر انکے شکرگزار ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پرفارمنس بیسڈ بجٹنگ(PBB) کو اجاگر کرنا اور سوشل پالیسی ورک پلان کے تحت شروع کی گئی کمپین کو سراہتے ہیں۔