آسٹریلیا کا اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کے لئے فنڈنگ بحال کرنے کا اعلان

جمعہ 15 مارچ 2024 13:30

کینبرا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2024ء) آسٹریلیا نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے)کی فنڈنگ بحال کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ شنہوا کے مطابق آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ نے جمعہ کو جنوبی آسٹریلیا کے دارالحکومت ایڈیلیڈ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ حکومت یو این آر ڈبلیو اے کو 6 ملین ڈالر (3.9 ملین امریکی ڈالر) کی فنڈنگ بحال اور غزہ کے لیے اضافی مدد فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایجنسیوں اور آسٹریلوی حکومت کے جانب سے کہا گیا ہے کہ یو این آر ڈبلیو اے ایک دہشت گرد تنظیم نہیں ہے اور یہ کہ موجودہ اضافی حفاظتی اقدامات آسٹریلیا کے ٹیکس دہندگان کی مالی اعانت کو کافی حد تک تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

آسٹریلوی وزیر خارجہ نے اسرائیل سے غزہ میں مزید امداد کی فوری اجازت دینے کا مطالبہ کیا اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف کے لیے فوری خدمات فراہم کرنے کے لیے 4 ملین آسٹریلوی ڈالر (2.6 ملین امریکی ڈالر) کے ساتھ ساتھ غزہ میں انسانی ہمدردی کی توسیع کی سہولت فراہم کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے کے نئے میکانزم کے لئے 2 ملین آسٹریلوی ڈالر (1.3 ملین امریکی ڈالر)فنڈنگ کا وعدہ کیا۔

آسٹریلیا کے نائب وزیر اعظم رچرڈ مارلس اور بین الاقوامی ترقی کے وزیر پیٹ کونروئے کے ساتھ ایک مشترکہ بیان میں آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ نے اعلان کیا کہ رائل آسٹریلوی فضائیہ 140 آسٹریلوی ڈیفنس فورس کو غزہ میں امداد کی فضاء سے ترسیل کے لئے پیراشوٹ فراہم کرے گی تاکہ فضائی مدد سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کی جا سکے۔