صدرمملکت آصف علی زرداری آبائی شہر نواب شاہ پہنچ گئے

صدر مملکت نے بالوجاقبا میں اپنے والدین کی قبروں کی حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے زرداری ہائوس میں مختصر قیام کے دوران وزیراعلی سندھ کی صدرمملکت سے ملاقات،سندھ کابینہ کی تشکیل، سنیٹ الیکشن سمیت دیگرامور پرتبادلہ خیال کیاگیا

جمعہ 15 مارچ 2024 21:40

نواب شاہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2024ء) صدر پاکستان آصف علی زرداری جمعہ کوایک روز دورے پرخصوصی طیارے کے زریعے نواب شاہ پہنچے۔صدرمملکت نواب شاہ ایئرپورٹ سے زرداری ہائوس پہنچے۔آصف علی زرداری صدر پاکستان منتخب ہونے کے بعد پہلی بار نواب شاہ پہنچے۔انہوں نے بالو جا قبا قبرستان میںاپنے والدین کی قبروں پر حاضری دی ،پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

آصف علی زرداری کی آمدپرزرداری ہائوس اوربالو جا قبرستان میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے تھے۔قبل ازیں آصف علی زرداری نے گڑھی خدابخش میں شہید ذوالفقار علی بھٹو،شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مزاروں پر حاضری دی، صدر پاکستان نے نصرت بھٹو شہید مرتضی بھٹو اور شاہنواز بھٹو کے مزاروں پر بھی حاضری دی۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری نے فاتحہ خوانی کی، مزاروں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور چادریں بھی چڑھائیں۔

زرداری ہائوس میں مختصر قیام کے دوران وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے صدرمملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی ۔ملاقات میں سندھ کابینہ کی تشکیل، سنیٹ الیکشن سمیت دیگرامور پرتبادلہ خیال کیاگیا۔ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے زرداری ہائوس میں پیپلز پارٹی کے رہنمائوں اور عمائدین سے ملاقات بھی کی ۔ذرائع نے بتایاکہ ملاقات میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے این ای207 نواب شاہ کی چھوڑی ہوئی اپنی قومی اسمبلی کی نشست پر ہونے والے ضمنی الیکشن کیلیے امیدواروں کی نامزدگی سے متعلق مشاورت بھی کی گئی ۔

واضح رہے کہ آصف علی زرداری نے صدر پاکستان کا عہدہ سنبھالنے کے بعد قومی اسمبلی کی نشست این اے 207 چھوڑدی ہے،جس پر21اپریل کو الیکشن ہونگے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری کی خالی کردہ نشست پر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری انتخابات میں حصہ لیں گی۔ ذرائع کے مطابق عام انتخابات میں متحرک کمپئین چلانے والی آصفہ بھٹوزرداری آج(ہفتہ)بذریعہ روڈ نواب شاہ پہنچیںگی۔ جیالے کارکنان زیرو پوائنٹ پر آصفہ بھٹو زرداری کا فقید المثال استقبال کریںگے ۔ذرائع نے بتایاکہ صدر پاکستان آصف علی زرداری نواب شاہ میں مختصر قیام کے بعد خصوصی طیارے کے زریعے اسلام آبادروانہ ہو گئے۔