ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرینگے ، آصفہ بھٹو زرداری

ہفتہ 16 مارچ 2024 23:20

ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور عوام سے کئے گئے  تمام وعدے پورے  کرینگے ..
لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2024ء) شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری سندھ کی صوبائی وزیر صحت و آبادی محترمہ عذرا فضل پیچوہو کے ہمراہ ہفتہ کو خصوصی ہوائی جہاز کے ذریعے نواب شاہ ایئرپورٹ پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا ، جہاں وہ بائی روڈ نواب شاہ پہنچی ۔ نواب شاہ آمد پر پارٹی صدر علی اکبر اور دیگر رہنمائو ں اور پارٹی کارکنوں نے ان کا استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

اس موقع پر پارٹی رہنماوں اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں آپ کے پرتپاک استقبال پر بہت خوش ہوں۔مجھے آپ کے چہروں پر خوشی نظر آ رہی ہے اور میں آپ کو یقین دلاتی ہوں کہ میں ان تمام وعدوں کو پورا کروں گی جو میرے بڑے بھائی اور پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فروری کی انتخابی مہم میں کئے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور میں آپ کو یقین دلاتی ہوں کہ ہم 2022 میں سیلاب اور بارشوں سے متاثر ہونے والے 30 لاکھ کے نقصان شدہ گھر کی تعمیر کر رہے ہیں اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بڑھا رہے ہیں اور فارموں میں کسانوں کی مدد کریں گے۔

اس موقع پر وزیر صحت و آبادی سندھ عذرا فضل پیچوہو نے ضمنی الیکشن این اے 207 کے لیے آصفہ بھٹو کے نام کا اعلان کیا اور کہا کہ آصف علی زرداری صدر پاکستان بن چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ان کی حمایت کریں اور ان کے لیے مہم شروع کر دیں۔پارٹی کارکنان اور نواب شاہ کے عوام اپنا ووٹ ان کے حق میں ڈالیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے پوری امید ہے کہ انشاء اللہ وہ بلامقابلہ منتخب ہو جائیں گی۔