Live Updates

شہدا پاکستان کے ہیرو، پہلے کی طرح اب بھی دہشتگردی کو شکست دینگے‘ احسن اقبال

پی ٹی آئی نے واشنگٹن میں آئی ایم ایف کے دفتر کے باہر جو مظاہرہ کیا وہ ملک دشمنی کی تمام حدیں پھلانگ چکی ہے

ہفتہ 16 مارچ 2024 21:25

نارووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2024ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نے پہلے بھی دہشتگردی کو شکست دی تھی، اس بار پھر مل کر دہشت گردی کو شکست دیں گے، شہدا پاکستان کے ہیرو ہیں۔انہوں نے نارووال میڈیا سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جہاں پاکستانی فوج کے جوان اس ملک کی دھرتی کے لیے جامے شہادت نوش کرتے ہیں اور اپنی بیویوں کو بیوہ بچوں کو یتیم چھوڑ کر اپنا لہو اس ملک پر وار دیتے ہیں وہیں پر ایک جماعت بیرون ملک میں پاکستان آرمی کے خلاف منظم مہم چلا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں نے واشنگٹن میں آئی ایم ایف کے دفتر کے باہر جو مظاہرہ کیا ہے وہ ملک دشمنی کی تمام حدیں پھلانگ چکی ہے ،آئی ایم ایف سے پاکستان پر سخت شرائط عائد کرنے کا مطالبہ کر کے ہمارے لیے اور غریب عوام کے لیے مزید مہنگائی مسلط کرنے کی کوشش کی ہے ،احسن اقبال نے کہا کے انہی لوگوں نے واشنگٹن کی سڑکوں پر پاکستانی فوج کے خلاف مہم چلا کر پاکستان کے دشمنوں کے کلیجوں کو ٹھنڈا کیا ہے یہ وہ لوگ ہیں جو امریکہ میں خود تو پرسکون زندگی گزارتے ہیں لیکن پاکستان کی خود مختاری اور قومی سلامتی کو دائو پر لگا رہے ہیں اس لیے یہ لوگ پاکستان کے دوست نہیں دشمن ہیں اب سب کی آنکھیں کھل جاتی چاہیے کے بیرونی فنڈنگ سے چلنے والی جماعت کا اصلی چہرہ کیا ہے ،احسن اقبال نے بات کرتے ہوئے مزید کہا کے پی ٹی آئی کے لوگوں آئی ایم ایف کے ذریعے پاکستان کے معاہدوں کے خلاف جو مہم چلا رہے ہیں اس کو معاشی دہشت گردی کہا جا سکتا ہے کیونکہ پاکستان کو معاشی ڈیفالٹ کی طرف دھکیلنا پاکستان کی معیشیت کی بحالی کو سبوتاش کرنا ہے اور یہ پاکستان کے خلاف معاشی دہشت گردی ہے ،احسن اقبال نے کہا کے انہی لوگوں نے پاکستان کی مسلح افواج کے خلاف بھی مہم چلا کر پاکستان کے سلامتی اداروں کے کمزور کرنے کی کوشش کی ہے جو پاکستان کے ساتھ غداری کے مترادف ہے اسی طرح 9 مئی کو اس جماعت کا اصلی چہرہ سب کے سامنے آگیا تھا جب انہوں نے بانی پاکستان ،فوجی تنصیبات اور شہدا کی یادگار پر حملہ تھا جس کا کوئی تصور نہیں کرسکتا تھا ،احسن اقبال نے مزید کہا کے 2018 میں مسلم لیگ کے بھی بہت سے تحفظات تھے اور اس وقت کی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ناراضگی بھی تھی لیکن کبھی بھی ہم نے آئی ایم ایف ، یورپی یونین کو ان کی طرح خط نہیں لکھا لیکن آج پی ٹی آئی کے لوگوں امریکہ کے سینٹرز کے پائوں پکڑ کر کہا رہے ہیں کہ ہمارے لیڈر کو جیل سے نکلوا دو لیکن انکا لیڈر کسی بھی ایک آر او کے ذریعے باہر نہیں آسکتا اور نہ ہی امریکہ اور آئی ایم ایف کے ذریعے این آر او ملے گا۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہا کے اگر عمران نیازی سمجھتا ہے کے وہ بے گناہ ہے تو عدالتوں میں اپنی بے گناہی ثابت کرے میں نے اور میری جماعت کے لوگوں سمیت ہمارے لیڈر نے بھی جیلیں کاٹی ہیں اور عدالتوں کا سامنا بھی کیا ہے، احسن اقبال کا کہنا تھا کے جب پارلیمنت میں غزہ اور فلسطین کے حق میں ہم نے قرارداد پیش کی تو ان لوگوں نے اس کی بھرپور مخالفت کر کے یہ ثابت کر دیا کے یہ مسلمانوں کے نہیں اسرائیل کے دوست ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات