جام شہادت نو ش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید ،کیپٹن محمد احمد بدر شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی

اتوار 17 مارچ 2024 12:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2024ء) شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی میں دہشت گردی کی لعنت کے خلاف مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید (عمر: 39 سال، رہائشی کراچی) اور کیپٹن محمد احمد بدر شہید (عمر: 23 سال، ضلع تلہ گنگ) کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کردی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے اتوار کو جاری پریس ریلیز کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر خارجہ، وزیر داخلہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی سٹاف، اعلیٰ حاضر سروس فوجی اور سول افسران، شہدا کے لواحقین اور اہل علاقہ نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک فوج نے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے نظریات کو مسلسل برقرار رکھا ہے۔

(جاری ہے)

ان پائیدار اصولوں کی رہنمائی میں، پاک فوج نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف اپنی انتھک جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت اور وفاداری کے اعلیٰ معیارات قائم کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عظیم قربانی ہمارے بہادر بیٹوں کے غیرمتزلزل عزم کی ایک اور شاندار شہادت کے طور پر کھڑی ہے، جنہوں نے اپنی مادر وطن کے دفاع کے لئے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم ہماری مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔شہدا کی میتیں ان کے آبائی علاقوں میں پہنچا دی گئی ہیں جہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔