میرا انتخاب مغرب کے لیے پیغام ہے کہ اسے جرات مند روس سے واسطہ پڑے گا، صدر ولادیمیر پیوٹن

پیر 18 مارچ 2024 09:20

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2024ء) روس کے نومنتخب صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ میرا انتخاب روسی عوام کے مجھ پر اعتماد کا اظہار ہے، یہ مغرب کے لیے پیغام ہے کہ اسے ایک جرات مند روس سے واسطہ پڑے گا۔اردو نیوز کے مطابق یہ بات انہوں گزشتہ روز پانچویں بار ملک کا صدر منتخب ہونے کے بعددارالحکومت ماسکو میں پریس کانفرنس کے دوران کہی۔

ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ روسیوں نے ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے،میں حمایت اور اعتماد کے لیے تمام ہم وطنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتخابات کے نتائج سے مغرب کو یہ پیغام جانا چاہیے کہ اس کے رہنماؤں کو ایک جرات مند روس سے نمٹنا پڑے گا، آنے والے برسوں میں چاہے وہ جنگ میں ہو یا امن ہمیں ڈرایا ،دھمکایا اور دبایا نہیں جا سکے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے آنجہانی اپوزیشن رہنما الیکسی نیوالنی کی موت کو افسوسناک واقعہ قرار دیا اور کہا کہ وہ قیدیوں کے تبادلے میں ان کو رہا کرنے کے لیے تیار تھے۔ اے ایف پی کے مطابق ولادیمیر پیوٹن نے 87 اعشاریہ دو فیصد ووٹ حاصل کیے،سرکاری نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ صدارتی انتخابات میں یہ ایک ریکارڈ فتح ہے جہاں انہیں حقیقی مقابلے کا سامنا نہیں کرنا پڑا،وہ آئندہ چھ سال کے لیے روس کے صدر ہوں گے۔ولادیمیر پیوٹن جو سٹیٹ سکیورٹی کمیٹی (کے جی بی) کے سابق لیفٹیننٹ کرنل تھے، پہلی بار 1999 میں اقتدار میں آئے تھے۔اگر وہ کریملن کی ایک اور مکمل مدت پوری کرتے ہیں تو وہ 18ویں صدی میں کیتھرین دی گریٹ کے بعد سے کسی بھی روسی رہنما کے مقابلے میں زیادہ دیر تک اقتدار میں رہنے والے رہنما ہوں گے۔