جمہوریت کے استحکام کے لیے اتحادی حکومت کا ہر مثبت کام میں ساتھ دینگے،شہزاد سعید چیمہ

پیر 18 مارچ 2024 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے کہا ہے کہ جمہوریت کے استحکام کے لیے اتحادی حکومت کا ہر مثبت کام میں ساتھ دینگے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے پیپلز پارٹی اورعدالتیں بھی سرخرو ہوئی ہیں، 44برس بعد بھٹو شہید کے متعلق سپریم کورٹ نے ہمارے موقف کو تسلیم کیا ہے۔

ٹرائل فیئر نہ ہوں تو اس فیصلے کو بھی کالعدم قرار دینا چاہیے،وہ پیپلز پارٹی سینٹرل سیکرٹریٹ میں نیلم جبار اور فائزہ ملک کیساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر رانا جواد، خاور ناہید موہل ،شہیم صفدر اور میاں عتیق بھی موجود تھے۔ شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ جمہوریت کے استحکام کے لیے اتحادی حکومت کا ہر مثبت کام میں ساتھ دینگے،جمہوریت کی سالمیت اور بقا کی خاطر سب کو ملکر آگے بڑھنا ہو گا۔

(جاری ہے)

نیلم جبار کو رکن پنجاب اسمبلی بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔فائزہ ملک کو پنجاب سے سینٹ کے لیے نامزد کرنے پر شکر گزار ہیں،شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ صدر زرداری مفاہمت کے بادشاہ ہیں،وہ میثاق معیشت کے لیے ایک ستون ثابت ہونگے۔شہدا کے جنازوں کو صدر زرداری نے کندھا دیکر دہشت گردوں کیخلاف اپنے عزم کو ثابت کیا۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ انشا اللہ پیپلز پارٹی کم بیک کریگی۔

پیپلز پارٹی کا گورنر عوام کے لئے دروازے کھلے رکھے گا۔نیلم جبار نے کہا کہ اپنی قیادت کے اعتماد کرنے پر شکر گزار ہوں،چیئرمین بلاول بھٹو،آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے اعتماد پر پوری اترونگی،خواتین کے حالت بہتر بنانے کیلئے حوالے سے خاتون وزیر اعلی سے ملکر کام کرونگی۔فائزہ ملک نے کہا کہ ملک کی معاشی اور سیاسی صورتحال کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے،تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمنٹرینز اسمبلی میں ملکر کام کریں۔