…تفصیلی خبر…

ج*سینٹ کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا پہلا روز مکمل

منگل 19 مارچ 2024 07:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مارچ2024ء) پنجاب میں سینٹ کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا پہلا روز مکمل ہو گیا۔ پہلے روز کل چودہ امیدواروں نے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کروایا۔ مسلم لیگ ن کے پرویز رشید، مصدق ملک، انوشے رحمن، بشری بٹ جبکہ سنی اتحاد کونسل کے حامد خان، زلفی بخاری سمیت متعدد امیدواروں کی جانچ پڑتال مکمل ہوگئی۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ، پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، ولید اقبال، زلفی بخاری، احد چیمہ، اعجاز منہاس، لیگی رہنما پرویز رشید، مصدق ملک، حامد خان نے اپنے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کا عمل مکمل کروایا۔ مجلس وحدت المسلمین کے علامہ راجہ ناصر عباس، مسلم لیگ نون کی انوشے رحمان، بشری انجم بٹ، مصطفی رمدے اور پیپلز پارٹی کی فائزہ ملک نے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کروایا۔

(جاری ہے)

صوبائی الیکشن کمیشن آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما انوشے رحمان نے کہا کہ ہمارے ارادے یہی ہیں کہ پاکستان بہتری کی طرف جائے ، ٹکٹ ملنے پر قیادت کی شکر گزار ہوں۔ پنجاب میں سینٹ کی بارہ نشستوں کے باقی چودہ امیدوار کل اپنے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کا عمل مکمل کروائیں گے۔ اکیس مارچ کو کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کیخلاف ایپلیٹ ٹربیونل میں اپیلیں دائر کی جا سکیں گی۔ جبکہ دو اپریل کو پنجاب اسمبلی لاہور میں پولنگ ہوگی۔