پرویز الٰہی جیل واش روم میں گر گئے،فریکچر ہوگیا،جیل رپورٹ

اسلام آباد کی عدالت میں غیرقانونی بھرتیوں کے مقدمہ کی سماعت ہوئی،اڈیالہ جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نے پرویز الٰہی کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 19 مارچ 2024 15:09

پرویز الٰہی جیل واش روم میں گر گئے،فریکچر ہوگیا،جیل رپورٹ
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 مارچ2024 ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءاور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی جیل واش روم میں گر گئے اور فریکچر ہونے کے باعث ان کی ہڈی ٹوٹ گئی،اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پنجاب اسمبلی میں غیرقانونی بھرتیوں کے مقدمہ کی سماعت ہوئی۔فردجرم کیلئے پرویز الٰہی کو عدالت پیش نہیں کیا جا سکا۔اڈیالہ جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نے پرویز الٰہی کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کا کہنا تھاکہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی پرسوںجیل واش روم میں گر گئے جس کے باعث ان کو فریکچر ہوا ہے۔رپورٹ میں مزیدکہا گیا ہے کہ چودھری پرویز الٰہی 17مارچ کو واش روم میں گرئے تھے جس کی وجہ سے وہ سفر کرنے کے قابل نہیں رہے۔ڈاکٹر نے ان کا آرام اور علاج کا مشورہ دیا ہے ،پرویز الٰہی کو بخار بھی ہے اور پیٹ بھی خراب ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب اسمبلی کے سابق سیکرٹری محمدخان بھٹی کو اینٹی کرپشن کورٹ میں پیش کیا گیا،اینٹی کرپشن کورٹ کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیس پر سماعت کی۔پرویز الٰہی کے سواء10 شریک ملزمان عدالت میں حاضری کیلئے پیش ہوئے۔بعد ازاں عدالت نے ملزمان کی تعداد پوری نہ ہونے پر فرد جرم عائد نہیں کی اور فرد جرم کیلئے ملزمان کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔عدالت نے کیس پر مزید سماعت 4 اپریل تک ملتوی کردی۔

عدالت کا کہنا تھاکہ ملزمان کی تعداد پوری نہ ہونے پر فردجرم عائد نہیں کر سکتے۔اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے مقدمہ کا چالان جمع کرا رکھا ہے،پنجاب اسمبلی میں گریڈ 17 میں بھرتی ہونے والوں امیدوار ملزمان میں شامل ہیں۔ پراسیکیوٹرکے مطابق پنجاب اسمبلی میں تحریری امتحان میں فیل ہونے والے ملزموں کو گریڈ 17 میں ملازمتیں دی گئیں۔پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی سمیت دیگر کیخلاف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے مقدمہ نمبر 09/23 درج کر رکھا ہے۔