آصفہ بھٹو زرداری کی قومی اسمبلی میں آمد انسانی حقوق باالخصوص خواتین حقوق کی ضامن ثابت ہوگی،آصف خان

منگل 19 مارچ 2024 16:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2024ء) پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات،کنوینئیرضلع شرقی آصف خا ن نے قومی سیاست کے بعد پارلیمانی سیاست میں آصفہ بھٹوزرداری کی انٹری کو خوش آئندقراردیتے ہوئے کہاہے کہ آصفہ بھٹو زرداری کی قومی اسمبلی میں آمد انسانی حقوق باالخصوص خواتین حقوق کی ضامن ثابت ہوگی،ان کاکہنا تھا کہ متعلقہ ادارے کراچی کی نشستوں پرانتخابی دھاندلی کے کیس جلد نمٹانے کے لیے کردارادا کریں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے ضلع شرقی کے رابطہ دفترمیں پارٹی ٹکٹ ہولڈرممبرسندھ کونسل مزمل قریشی اوران کے حلقہ انتخاب 236کے عمائدین اور ورکرز سے ملاقات کے دوران کیا۔آصف خان نے کہاکہ پارلیمانی سیاست میں آصفہ بھٹوزرداری کی انٹری خوش آئند ہے،این اے 207 کے ضمنی انتخاب میں آصفہ بھٹو زرداری بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عام انتخابات میں آصفہ بھٹوزرداری نے پیپلزپارٹی کی ملک گیرانتخابی مہم چلائی ہے،آصفہ بھٹو زرداری نے انسانی حقوق اور خواتین کے حقوق کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں،ملتان جلسہ میں سیاست میں باضابطہ انٹری دینے والی آ صفہ بھٹو زرداری پارلیمانی سیاست میں شہید بے نظیربھٹو کی پیش رواورملکی سیاست میں ان کی حقیقی تصویر ثابت ہونگی۔

آصف خان نے کہاکہ کراچی کا چھینا گیا انتخابی مینڈیٹ واپس لینے کے لیے قانونی جدوجھدکے نتائج سامنے آئیں گے،انتخابی دھاندلی کے خلاف قانونی ٹیم مختلف فورمز پرکیس لڑرہی ہے، الیکشن کمیشن اورمتعلقہ ادارے التوا کا شکارکیسزکا فیصلہ جلد سنانے کے لیے اقدامات کریں۔