وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور سمیت 22 رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی کا علی امین گنڈاپور کو 2 اپریل کو پیش کرنے کا حکم، علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری 9 مئی واقعات میں ملوث ہونے پر جاری کئے گئے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 19 مارچ 2024 19:46

وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور سمیت 22 رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ ..
راولپنڈی( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 19 مارچ 2024ء) انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور سمیت 22 پی ٹی آئی رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ میڈیا کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے، عدالت نے 2 اپریل کو علی امین گنڈا پور کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

وارنٹ گرفتاری انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے جاری کئے، علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری 9 مئی واقعات میں ملوث ہونے پر جاری کئے گئے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج ہے۔ 9 مئی حملہ کیس میں جن پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ جاری کئے گئے ان میں علی امین گنڈا پور، مراد سعید، راجہ بشارت، شبلی فراز، شبیر اعوان اور مسرت جمشید چیمہ، صداقت عباسی، عمر تنویر بٹ ، واثق قیوم سمیت 22 پی ٹی آئی رہنماء شامل ہیں۔

(جاری ہے)

 مزید برآں راولپنڈی پولیس نے 9مئی سے متعلق مختلف تھانوں میں دہشتگردی ودیگر دفعات کے تحت درج مقدمات میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اور رہنماء پی ٹی آئی مراد سعید کے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلئے ۔پوٹھوہار ڈویژن کے کینٹ اور سول لائن سرکلز نے رپورٹ ارسال کی ہے جس کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی بھی اِنہیں مقدمات یعنی تھانہ کینٹ کے مقدمہ نمبر 836/23 اور تھانہ آر اے بازار کے مقدمہ نمبر 708/23 میں نامزد ہیں اور ان کے بھی ان مقدمات میں وارنٹ گرفتاری حاصل کئے گئے ہیںاسی طرح پی ٹی آئی رہنماءمراد سعید تھانہ کینٹ کے دہشت گردی ایکٹ و دیگر سنگین دفعات کے تحت درج مقدمہ 836/23 اور تھانہ آر بازار میں اِنہیں جرائم کے تحت درج مقدمہ نمبر 708/23 میں نامزد ہیں جس کے وارنٹ گرفتاری بھی حاصل کئے گئے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سینیٹر فیصل جاوید، سینیٹر اعظم سواتی، اظہر مشوانی اور خرم ذیشان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ انکے خلاف سول لائن سرکل کے تھانہ سول لائنز اور تھانہ مورگاہ میں کوئی مقدمہ درج نہیں اور نہ ہی وہ کسی مقدمے میں نامزد ہیں۔ کریمنل ریکارڈ کے حوالے سے بتایا گیا گیا ہے کہ سابق وفاقی وزیر مراد سعید کے خلاف تھانہ سول لائن میں مقدمہ نمبر 981/23 اور تھانہ مورگاہ میں مقدمہ نمبر 397/23 درج ہے جبکہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف تھانہ سول لائن میں بھی مقدمہ نمبر 981/23 درج ہے۔

سی پی او آفس راولپنڈی کی جانب سے تھانوں کی سطح سے تمام ریکارڈ چیک کرکے مطلوبہ ریکارڈ و معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اعلیٰ حکام کی جانب سے راولپنڈی پولیس سے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماوٴں سابق وفاقی وزیر مراد سعید، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سمیت سینیٹر فیصل جاوید، سینیٹر اعظم سواتی، اظہر مشوانی خرم ذیشان کے کریمنل ریکارڈ اور اسکے اسٹیٹس کے متعلق دریافت کیا گیا ہے۔