فیصل آباد پولیس نے 5کارچور گینگز کو گرفتار کرکے سرقہ شدہ گاڑیاں برآمد کرلیں

بدھ 20 مارچ 2024 11:51

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2024ء) فیصل آباد پولیس نے 5کارچور گینگز کو گرفتار کرکے کروڑوں روپے مالیت کی سرقہ شدہ گاڑیاں برآمد کرلیں۔سٹی پولیس آفیسر کبپٹن ریٹائرڈ محمد علی ضیاء نے پولیس لائن کمپلیکس میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ فیصل آباد پولیس نے سی آئی اے سٹاف پولیس اور اینٹی وہیکل لفٹنگ سیکشن کے تعاون سے گاڑی چوری کے مقدمات پر کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے 5کار چور گینگز محمد وسیم گینگ، ظفر عرف ظفری گینگ، شمس الرحمان گرین، اللہ دتہ عرف دتو گینگ اور بشارت گینگ کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضہ سی4کروڑ 35لاکھ 50ہزار روپے مالیت کا مال مسرو قہ 22کاریں، 2کیری ڈبے، 150موٹر سائیکلیں اور 6لوڈر رکشے برآمد کرلئے۔

انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن رائے محمد اجمل کی سربراہی قائم کردہ ایس پی سی آئی ے عابد ظفر،ڈی ایس پی اینٹی وہیکل لفٹنگ سیکشن،ارشاد الٰہی انچار ج اے وی ایل ایس، مجاہد حسین اے ایم ایل ایس پر مشتمل،خصوصی ٹیم نے جدید تکنیکی وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مرکزی ملزم وحدت خان کو کے پی کے سے گرفتار کیا جو مذکور ہ گینگز سے چوری شدہ گاڑیاں خرید کر پنجاب، سندھ، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جعلی رجسٹریشن و چیسز نمبر لگوا کر فروخت کررہا تھا۔

(جاری ہے)

ملزم نے ضلع مالا کنڈ، کراچی اور لاہور میں گاڑیاں فروخت کی تھیں، ملزم وسیم نے سب سے زیاد ہ چوری شدہ گاڑیاں مذکورہ مرکزی ملزم کو فروخت کی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان کیخلاف دستیاب کریمنل ریکارڈ کے تحت مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ انہوں مزید کہا کہ فیصل آباد پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے،راہزنی اور ڈکیتی کی وارداتوں کے سدباب کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جارہا ہے،عوام کوخدمت مراکز میں ایک چھت تلے مختلف سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، سیف سٹی پراجیکٹ کی تکمیل سے جرائم میں کمی واقع ہوگی اور پولیس کو بروقت کارروائی کرنے میں مدد ملے گی، پولیس ملازمین کی فلاح بہبو د پر کار جاری رکھے گا اور ہر ممکن وسائل استعمال کئے جائیں گیپریس بریفنگ کے اختتا م پر سی پی او فیصل آباد نے دیگر پولیس افسران کے ہمراہ چوری شدہ برآمد کی گئی کاریں ان کے مالکان کے حوالے کیں۔