گوادر پورٹ اتھارٹی کالونی میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے سپاہی بہار خان اور عمران علی کی نماز جنازہ ادا

جمعرات 21 مارچ 2024 16:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2024ء) گوادر پورٹ اتھارٹی کالونی میں دہشت گردی کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی بہار خان (عمر 35 سال،ساکن ضلع ڈی جی خان ) اور سپاہی عمران علی (عمر 28 سال،ساکن ضلع خیرپور) کی نماز جنازہ جمعرات کو گوادر میں ادا کردی گئی۔نماز جنازہ میں پاک فوج، پاک بحریہ، بلوچستان پولیس اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کر دیےگئے جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور بلوچستان کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی دہشت گردی کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ہمارے بہادر بیٹوں کی یہ قربانیاں دہشت گردی کی لعنت کے خلاف لڑنے کے ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔مادر وطن سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔