سینیٹ ضمنی الیکشن ، 6امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری

جمعہ 22 مارچ 2024 21:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2024ء) سینیٹ کا ضمنی الیکشن جیتنے والے 6 امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیاگیا۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے اسلام آباد سے یوسف رضا گیلانی کیساتھ ساتھ سندھ سے جام سیف اللہ اور اسلم ابڑو کی بطور سینیٹر کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔اس کے علاوہ بلوچستان سے عبدالقدوس، دوستین ڈومکی اور عبدالشکور کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن بھی کردیا گیا۔

(جاری ہے)

14مارچ کو ہونے والے سینیٹ کے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی اسلام آباد کی نشست سے 204ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار اسلم ابڑو57 اور جام سیف اللہ 58ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوگئے تھے۔بلوچستان اسمبلی سے سینیٹ کی 3نشستوں پر پیپلز پارٹی کے قدوس بزنجو 23، مسلم لیگ (ن)کے دوستین ڈومکی 17اور جمعیت علمائے اسلام (ف)کے شکور غیبزئی 16ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔