پاکستان اور افغانستان کے درمیان گہرے اوردوستانہ تعلقات ہیں دونوں ممالک کشیدگی کی بجائے مل بیٹھ کرآپس کے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ لائحہ عمل طے کریں، لالا یوسف خلجی

اتوار 24 مارچ 2024 19:35

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2024ء) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان گہرے اوردوستانہ تعلقات ہیں دونوں ممالک کشیدگی کی بجائے مل بیٹھ کرآپس کے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ لائحہ عمل طے کریںکشیدگی دونوںممالک کے مفاد میں نہیں ہے ۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالا یوسف خلجی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان صدیوں سے ایک اچھے ہمسایوں کی طرح رہ رہے ہیں دونوں ممالک کے عوام کے آپس میں خونی رشتے ہیں گزشتہ دنوں سیکورٹی فورسز پر حملے اور سیکورٹی فورسز کی افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پیدا ہوئی جو کسی بھی طرح دونوں ہمسایہ ممالک کے مفاد میں نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے دونوں ممالک متاثر ہیں پاکستان اور افغانستان حکام کو چاہئے کہ وہ مل بیٹھ کردہشت گردی کے خاتمے اوردیگر مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان کشیدگی کسی بھی طرح ہمارے اور خطے کے مفا د میں نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان گزشتہ کئی دہائیوں سے دہشت گردی کا شکار ہے اورابتک لاکھوں کی تعداد میں افراد شہید اورزخمی ہوچکے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ زندگی بھر کیلئے معذور ہوگئے جبکہ ہزاروں خواتین بیوہ اور بچے یتیم ہوچکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگہ دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ آپس میں کشیدگی بڑھانے کی بجائے مل بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کریں تاکہ پاکستان اورافغانستان سے دہشت گردی کا خاتمہ اورد ونوں ممالک ترقی کرسکیں۔