غلام نبی میمن ایک بار پھر آئی جی سندھ تعینات، نوٹی فکیشن جاری

پہلی مرتبہ جون 2022 میں غلام نبی میمن کو آئی جی سندھ تعینات کیا گیا تھا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 24 مارچ 2024 20:23

غلام نبی میمن ایک بار پھر آئی جی سندھ تعینات، نوٹی فکیشن جاری
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مارچ 2024ء ) غلام نبی میمن کو دوسری مرتبہ انسپیکٹر جنرل سندھ پولیس تعینات کردیا گیا، غلام نبی میمن کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نئے آئی جی سندھ غلام نبی میمن پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 21 کے افسر ہیں، وہ آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت دیگر عہدوں پر تعینات رہ چکے ہیں، پہلی مرتبہ جون 2022 میں غلام نبی میمن کو آئی جی سندھ تعینات کیا گیا تھا جس کے بعد اگست 2023 میں انہیں ہٹا کر راجہ رفعت مختار کو آئی سندھ تعینات کیا گیا اور ان کی تعیناتی سے پہلے راجہ رفعت مختار آئی جی سندھ کے فرائض انجام دے رہے تھے، تاہم اب ایک مرتبہ پھر غلام نبی میمن کو یہ ذمہ داری تفویض کردی گئی۔

بتایا جارہا ہے کہ آئی جی تعیناتی کے معاملے پر سندھ کے وفاقی حکومت سے اختلافات کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں، اسی حوالے سے وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ کی تقرری میں تاخیر اتحادی معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

غلام نبی میمن کی تعیناتی سے قبل اپنے بیان میں وزیر داخلہ سندھ کہہ چکے ہیں کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال اس وقت ابتر ہے، صورتحال بہتر کرنے کے لیے فوری انتظامی فیصلوں کی ضرورت ہے، آئی جی سندھ کے تقرر میں تاخیر اتحادی معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ پولیس کے لیے نام 4 مارچ کو بھیجے تھے، اس کے بعد کئی دن گزر چکے ہیں لیکن وفاقی حکومت نے آئی جی سندھ پولیس کا تقرر نہیں کیا، غیرضروری تاخیر سے قیام امن کی کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔