پہلے کہا باجوہ نے واٹس ایپ پر جتوایا، اب انہی کے خلاف باتیں کر رہے ہیں‘اخلاقی جرات تھی تو اس وقت بات کرتے جب وہ عہدے پر تھے.حنیف عباسی کی خواجہ آصف اور دیگر پارٹی راہنماﺅں پرتنقید

احتجاج سے تو پی ٹی آئی بھی حکومت نہیں گرا سکی تو مولانا کیسے کر لیں گے،مسلم لیگ نون اور کتنی بار مشاہدحسین سید سے ڈسی جائے گی‘ جاوید لطیف بتائیں وہ کون ہے جس نے آپ کا حلقہ کھولنے پر نواز شریف کا حلقہ کھولنے کی بات کی؟.نون لیگی راہنما کا نجی ٹی وی سے انٹرویو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 24 مارچ 2024 22:49

پہلے کہا باجوہ نے واٹس ایپ پر جتوایا، اب انہی کے خلاف باتیں کر رہے ہیں‘اخلاقی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24 مارچ۔2024 ) پاکستان مسلم لیگ نون کے اندر فوج کے سابق سربراہ اور آئی ایس آئی کے چیف کو پارلیمنٹ میں جوابداہی کے لیے طلب کرنے پر اختلاف رائے سامنے آرہا ہے نون لیگی راہنما حنیف عباسی نے وزیردفاع خواجہ آصف کے بیان کے جواب میں کہا ہے کہ ”پہلے کہا باجوہ نے واٹس ایپ پر جتوایا، اب انہی کے خلاف باتیں کر رہے ہیں“نجی ٹی وی سے انٹرویو میں انہوں نے خواجہ آصف کا نام لیے بغیر کہا ایک آدمی کہتا تھا ”مجھے تو واٹس ایپ پر جتوایا گیا“ اب وہ انہی کے خلاف بات کرتا ہے.

(جاری ہے)

حنیف عباسی نے خواجہ آصف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اب مولانا اور ہماری پارٹی کے ایک لیڈر باجوہ صاحب پر تنقید کر رہے ہیں جب کہ پہلے کہتے تھے کہ باجوہ نے واٹس ایپ پر الیکشن جتوا دیا اخلاقی جرات کرتے تو اس وقت بولتے جب وہ عہدے پر تھے مجھے تو اس وقت زیادہ تکلیف ہوئی تھی لیکن میں اس وقت نہیں بولا تو اب کیوں بولوں. انہوں نے کہا یہ حکومت چوں چوں کا مربہ نہیں، ساری قوتیں ایک پیج پر ہیں، احتجاج سے تو پی ٹی آئی بھی حکومت نہیں گرا سکی تو مولانا کیسے کر لیں گے، یہ حکومت تو پانچ سال نہیں گرتی، اللہ نہ گرائے تو بندوں سے یہ نہیں ہوگا، فضل الرحمان کو چاہیے جو مل گیا ہے اسی پر اکتفا کر لیں یہ نہیں ہوتا والد نے حصہ دینے کا کہا تو وہ ملا نہیں اس لیے میں نہیں مانتا مولانا احتجاج کریں گے تو ان کی خدمت کریں گے، کھانا کھلائیں گے، وہ پہلے بھی آئے تھے اور چلے گئے تھے.

حنیف عباسی نے کہا مشاہد حسین پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ مسلم لیگ نون اور کتنی بار مشاہدحسین سید سے ڈسی جائے گی یہ جس کی مقبولیت دیکھتا ہے ادھر ہو جاتا ہے اور بعد میں پھر واپس آ جاتا ہے انہوں نے کہا زبیر عمر بھی اپنا فلسفہ جھاڑ رہے ہوتے ہیں، ان کے ساتھ پارٹی رہنما نہیں لکھنا چاہیے، ایک تنقید اس لیے کرتا ہے کہ اس کو کچھ ملا نہیں اور دوسرا ہار گیا ہے، جاوید لطیف کی میں اکثر پارٹی سے سفارش کرتا تھا لیکن وہ ان کو زیادہ جانتے تھے وہ مجھے کہتے تھے یہ ٹھیک نہیں تو آج وہ درست ثابت ہوئے میں غلط تھاآصف کرمانی تو عوامی سطح پر تھا ہی نہیں پارٹی ان سے علیحدگی کا اعلان کرے.

حنیف عباسی نے کہا میاں جاوید لطیف بتائیں انہیں کس نے کہا کہ ان کا حلقہ کھلا تو ساتھ میں نواز شریف کا حلقہ بھی کھلے گا؟ انہوں نے کہا میں جاوید لطیف کے انتخابات سے متعلق بیانات پر حیران ہوں، پارٹی کو پوچھنا چاہیے، جاوید لطیف کوعقل مند سمجھتا تھا مگر وہ تو ریٹنگ بڑھانے کے لیے لیڈر شپ سے کھیل رہے ہیں. انہوں نے کہا اب وہ اس لیے تنقید کر رہے ہیں کہ ہار گئے ہیں، اب جاوید لطیف حوصلہ کریں، اس کی ہار اور نواز شریف کی جیت کا کوئی مقابلہ نہیں ہے، جاوید لطیف بتائیں وہ کون ہے جس نے آپ کا حلقہ کھولنے پر نواز شریف کا حلقہ کھولنے کی بات کی؟ جاوید لطیف نام تو بتائیں تاکہ پوچھیں تم کون ہوتے ہو نواز شریف کا حلقہ کھولنے والے.