اسلامی ممالک اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کریں‘سنی علما ء کونسل

اسرائیلی دہشتگردی ،انتہا پسندی پرمسلم ممالک کی مجرمانہ خاموشی سوالیہ نشان ہے‘مولانا حافظ حسین احمد

پیر 25 مارچ 2024 12:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2024ء) صدر سنی علما ء کونسل لاہور وصوبائی ترجمان مولانا حافظ حسین احمدنے کہاہے کہ اسلامی ممالک اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کریں،اقوام متحدہ یہوریوں کے گھر کی لونڈی بن چکا ہے، مسلم حکمرانوں کو ہر صور ت علم جہاد بلند کرناہوگا ،اسرائیلی دہشتگردی ،انتہا پسندی پرمسلم ممالک کی مجرمانہ خاموشی سوالیہ نشان ہے۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہو ں نے کہاکہ غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کا ذمہ داری براہ راست امریکہ ہے غزہ پر جارحیت فوری طور پر بند کرکے اسرائیلی قابض فوج کو کو باہر نکالا جائے اور جنگ سے متاثرین کیلئے خوراک،ادویات سمیت دیگر ضروریات زندگی کی اشیا کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ، حکومت پاکستان رمضان المبارک کا آخری جمعہ جمعتہ الوداع کو عالمی یوم فلسطین کے طور پر منانے کا اعلان کرے ۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی کاز سے متعلق بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی پالیسی سنہرے اصولوں میں سے ہے اسرائیل کو ایک ناجائز ریاست قرار دیا ہے اور کبھی تسلیم نہ کرنے کا واضح اعلان کیا ہم اس پالیسی کی حمایت کرتے ہیں اور فلسطین کا فیصلہ فلسطینی عوام کی امنگوں یعنی ریفرنڈم کے ذریعہ یقینی بنانے کی حمایت کرتے ہیں ۔