معیشت کو پٹڑی پر لانا سب سے بڑا چیلنج ہے ، حکومتی سطح پر اخراجات میں کمی کے لئے کمیٹی بنادی گئی ہے.شہبازشریف

انکوائری کمیٹی آئندہ سات دن میں ٹریک ایند ٹریس سسٹم کے مکمل فعال ہونے کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور ٹیکس چوری میں ملوث افراد کی نشاندہی کرے گی.وزیراعظم کی پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد اور ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم جائزہ اجلاس کی صدارت

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 25 مارچ 2024 22:53

معیشت کو پٹڑی پر لانا سب سے بڑا چیلنج ہے ، حکومتی سطح پر اخراجات میں ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 مارچ۔2024 ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیشت کو پٹڑی پر لانا سب سے بڑا چیلنج ہے ، خسارہ کے شکار حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری، ادارہ جاتی اصلاحات ، اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری اور کفایت شعاری حکومتی ترجیحات ہیں،ایف بی آر کی سو فیصد ڈیجیٹائز یشن کے لئے بین الاقوامی معیار کے ماہرین کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں ، امید ہے کہ ذرائع ابلاغ غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کے ذریعے جمہوریت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے.

(جاری ہے)

پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی وفد میں شکیل مسعود ، میر ابراہیم ، میاں عامر محمود اور سلطان لاکھانی شامل تھے ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے. پی بی اے کے وفد نے منصب سنبھالنے پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ایسے وقت میں اقتدار سنبھالا ہے جب ملک کو بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے کہا کہ معیشت کو پٹڑی پر لانا سب سے بڑا چیلنج ہے وزیراعظم نے وفد کو حکومت کی معاشی ترجیحات سے آگاہ کیا.

وزیراعظم نے کہا کہ خسارہ کے شکار حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری، ادارہ جاتی اصلاحات ، اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری اور کفایت شعاری حکومتی ترجیحات ہیں انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر اخراجات میں کمی کے لئے کمیٹی بنادی گئی ہے جو جلد اپنی سفارشات پیش کرے گی جو کہ میں خود قوم کے سامنے رکھوں گا انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے رضاکارانہ طور پر تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے وزیراعظم نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی سو فیصد ڈیجیٹائز یشن کے لئے بین الاقوامی معیار کے ماہرین کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں.

انہوں نے کہا کہ اچھے ٹیکس دہندگان ، برآمد کنندگان اور خواتین انٹرپرینیورز کی حکومتی سطح پر پذیرائی کی جائے گی وزیراعظم نے میڈیا کی اہمیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ذرائع ابلاغ ریاست کا چوتھا ستون ہے، معاشرے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی ذہنی اور فکری تربیت میں الیکٹرانک میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے. انہوں نے کہا کہ حکومت آزادی اظہارِ رائے اور میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اور اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ میڈیا نمائندوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ذرائع ابلاغ غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کے ذریعے جمہوریت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے.

دریں اثناءوزیراعظم کی زیرصدارت ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا اجلاس میں وفاقی وزراءمحمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی. وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ٹیکس نادہندگان و ٹیکس چوروں کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا فیصلہ کرتے ہوئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی راہ میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی اور ذمہ داران کے تعین کیلئے انکوائری کمیٹی کے قیام، تمباکو، چینی، سیمنٹ اور کھاد سمیت اہم شعبوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگانے کی ہدایت کی .

وزیر اعظم نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی راہ میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی اور ذمہ داران کے تعین کیلئے انکوائری کمیٹی کے قیام کی ہدایت کی، انکوائری کمیٹی آئندہ سات دن میں ٹریک ایند ٹریس سسٹم کے مکمل فعال ہونے کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور ٹیکس چوری میں ملوث افراد کی نشاندہی کرے گی. وزیراعظم نے کہا کہ کمیٹی کارخانوں میں ٹیکس کے خودکار نظام کے اطلاق کیلئے آئندہ کے لائحہ عمل پر تجاویز بھی دے گی وزیراعظم نے استفسار کیا کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم مکمل طور پر فعال کیوں نہ ہو سکا؟ ، تمباکو، چینی، سیمنٹ اور کھاد کی صنعت میں گزشتہ دو برس میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو مکمل بحال ہو جانا چاہئے تھا.

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ان چار بڑے شعبوں کے علاوہ باقی اہم شعبوں میں بھی ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگایا جائے ، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ میں حائل تمام قانونی رکاوٹوں کو دور کیا جائے، سیمنٹ کے کارخانوں کی تمام پروڈکشن لائنز پر سسٹم کا نفاذ یقینی بنایا جائے. وزیراعظم نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے خودکار نظام اور ڈیجیٹل اسٹریجی کے نفاذ کا جامع لائحہ عمل طلب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تمام کارخانے جو ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگانے سے انکاری ہوں انہیں فوری طور پر سیل کیا جائے، محصولات کے ساتھ ساتھ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو جعلسازی اور غیر معیاری مصنوعات کی روک تھام کیلئے بھی بروئے کار لایا جائے وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ جعلی و غیر رجسٹرڈ سگریٹ کی فروخت کا سد باب اور انہیں ضبط کرکے تلف کیا جائے.

وزیراعظم نے کہا کہ ملک معاشی مشکلات کا شکار ہے اور مافیاز ملی بھگت سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا رہے ہیں انہوں نے ہدایت کی کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ اداروں کی خدمات لی جائیں اجلاس کو چینی، سیمنٹ، کھاد اور تمباکو کے شعبے میں خودکار ٹیکس نظام کی موجودہ صورتحال اور اس کو مکمل طور پر فعال کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی.

اجلاس کو بتایا گیا کہ تمباکو کے 14 بڑے کارخانوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم مکمل طور پر فعال ہے جبکہ 12 کارخانوں کو سسٹم نہ لگانے کی وجہ سے سیل کر دیا گیا ہے، کھاد کی تمام صنعتوں میں بھی ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم مکمل طور پر فعال ہے مزید یہ کہ چینی اور سیمنٹ کے کارخانوں میں سسٹم کے اطلاق میں تکنیکی رکاوٹوں کا سامنا ہے جن کو دور کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں. بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں سمگلنگ کی روک تھام کیلئے گوداموں پر چھاپہ مارا جارہا ہے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس ضمن میں ایف بی آر کی معاونت کریں.