جے یو آئی کے رہنما سینیٹر طلحہ محمود پیپلز پارٹی میں شامل

منگل 26 مارچ 2024 15:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) جمعیت علمائے اسلام کے رہنما سینیٹر طلحہ محمود پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے۔یہ اعلان سینیٹر طلحہ محمود نے پیپلز سیکرٹریٹ میں پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سیّد نیئر حسین بخاری،سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی،پیپلز پارٹی خیبرپختونخواکے صدر محمد علی شاہ باچا،سیکرٹری جنرل شجاع خان عرف شازی خان اور میڈیا کوآرڈینیٹر نذیر ڈھوکی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔

سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ میں سیّد نیئر حسین بخاری،راجہ پرویز اشرف اور سیّد خورشید شاہ کا شکر گزار ہوں،بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی گئی تھی، ایک ہفتہ قبل صدر آصف علی زرداری سے ملاقات ہوئی تھی۔ اس ملاقات میں بھی مجھے پیپلزپارٹی میں شامل ہونےکی دعوت دی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کرتا ہوں، 2006 میں ایم این اے کیلئے جمعیت علمائے اسلام کا ٹکٹ لیا تھا، آج تک جمعیت علما اسلام کے علاوہ کسی پارٹی میں نہیں رہا۔

سینیٹر طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی بدحالی اور سیاسی حالات سب کے سامنے ہیں، سب کو علم ہے پاکستان کن مسائل سے گزر رہا ہے، ہم نے پاکستان کو مشکلات سے باہر نکالنے کیلئے اپنا اپنا حصہ ڈالنا ہے۔انہوں نے کہا کہ 9 سال وزارت داخلہ کی کمیٹی کا رکن رہا ہوں، 2021 میں سینیٹ کی سب سے بڑی کمیٹی کا چیئرمین منتخب ہوا، 2022 میں وفاقی وزیر برائے سیفران بنایا گیا، میری زندگی آپ لوگوں کے سامنے کھلی کتاب کی طرح ہے۔

انہوں نے کہا کہ 18 سال میں حکومت پاکستان سے تنخواہ اور نہ کوئی مراعات لیں، پاکستان کی بہتری کیلئے اپنا کردارادا کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پیپلزپارٹی سے بہتر کوئی جماعت نظر نہیں آتی اس لئے میں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پیپلز پارٹی سے بہتر کوئی پلیٹ فارم نہیں جبکہ مولانا فضل الرحمن سے کوئی ناراضگی نہیں ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما سیّد نیئرحسین بخاری نے کہا کہ طلحہ محمود کوپارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں،انہوں نےپیپلزپارٹی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا،پیپلزپارٹی کی قیادت میں وہ بصیرت ہے کہ وہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتے ہیں،پیپلزپارٹی میں انکا کردار نمایاں ہو گا اور ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کریں گے۔سینیٹر طلحہ محمود کا پارلیمان کے اندر ایک اہم کردار رہا، انہوں نے ہمیشہ پارلیمان میں مثبت کردار ادا کیا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ طلحہ محمود کو قیادت اورجیالوں کی طرف سے خوش آمدید کہتے ہیں ،پیپلزپارٹی ان کی سیاسی بصیرت سے استفادہ کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں پر حلف نہیں لیا جا رہا ، سنی اتحاد کونسل کی نشستیں نہیں بنتی تھیں،حلف کی صورت میں انہیں سینیٹ کی کئی سیٹوں سے ہاتھ دھونے پڑیں گے،سینیٹ انتخابات میں خیبر پختونخوا میں سرپرائز دیں گے،پنجاب اور خیبر پختونخوا میں فاروڈ بلاک بننے کی خبریں آ رہی ہیں،پیپلز پارٹی اس کا حصہ نہیں بنے گی،ان کے لوگ انہیں چھوڑنے کو تیار ہیں۔

پیپلزپارٹی نے سمجھتی ہے پوری قوم کو مل کر دہشتگردی کا مقابلہ کرنا ہو گا، ہم دہشتگردی کے خلاف اپنے سپہ سالار اور فوجی جوانوں کے شانہ بشانہ ہیں۔ایک سوال کے جواب میں نیئر بخاری نے کہا کہ کے پی کے کی گورنر شپ کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔