Live Updates

فیصل آباد میں میٹرو بس سسٹم اور سو سپیڈو بسیں لا رہے ہیں

طلبہ اور طالبات کو20 ہزار موٹر بائیکس دیں گے، ہر ضلع میں 3 ہزار بائیکس دی جائیں گی، لیپ ٹاپ اور آئی بیڈز بھی دیئے جائیں گے، وزیراعلیٰ مریم نواز اور قائد محمد نواز شریف سے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی ملاقات

منگل 26 مارچ 2024 20:20

فیصل آباد میں میٹرو بس سسٹم اور سو سپیڈو بسیں لا رہے ہیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2024ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور قائد محمد نواز شریف سے فیصل آباد ڈویژن کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو حلقے کے مسائل اور عوام کی ضروریات سے آگاہ کیا ۔ارکان اسمبلی نے متعلقہ حلقے میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ارکان اسمبلی نے رمضان نگہبان پیکیج کی کامیابی سے تکمیل کے مراحل طے کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف اور قائد محمد نواز شریف کو مبارکباد دی۔ارکان اسمبلی نے صاف ستھرا پنجاب اوردیگر اختراعی پراجیکٹس پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔قائد محمد نوازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سب مل جل کے پاکستان کو دوبارہ اپنے مقام پر لائیں گے۔

(جاری ہے)

ہماری حکومت کونہ ہٹایا جاتا تو پاکستان ترقی کی بلندیوں پر ہوتا۔ ناجائز قبضہ کرنے والوں نے اس ملک کے ساتھ جوکیا،سب نے دیکھا۔ محمد نوازشریف نے کہاکہ مسلم لیگ ن ہی نہیں پاکستان کے ساتھ زیادتی ہوئی۔ مسلم لیگ ن کو اب اپنی سیاسی میراث حاصل کرنی ہے۔ایک دو سال مشکل سہی،اسودگی کاوقت ضرور آئے گا۔ انہوںنے کہاکہ سیاست دان، انتظامیہ اور پولیس سمیت سب کو ملکر ملک کو مشکل سے نکالنا ہوگا۔

آپ کی سی ایم آپ کے ساتھ ہے، ملکر صوبے اور ملک کے لئے کام کریں۔ایسا اندوہناک واقعہ دیکھا نہ سنا، خوبصورت نوجوان کے جاں بحق ہو نے کا بہت دکھ ہے۔ ارکان اسمبلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف توقعات سے بڑھ کر تیزرفتاری سے کام کررہی ہیں۔ مریم نوازشریف سے عوام کی بہت امیدیں وابستہ ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں آج قائد محمد نواز شریف کے ساتھ آئی ہو ں۔

پنجاب حکومت عوام کی حکومت ہے۔فیصل آباد میں سو سپیڈو بسیں بھی لا رہے ہیں۔فیصل آباد میں میٹرو بس سسٹم بھی لا رہے ہیں۔کم آمدن والے ایک لاکھ گھروں میں فیصل آباد بھی شامل ہے۔ صوبہ بھر کے دیہی اوربنیادی مراکز صحت کو6ماہ کے اندر ری ویمپ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پنجا ب بھر میں 600روڈ کی تعمیر ومرمت،5ایکسپریس وے اور3موٹر ویز بنائیں گے۔

صوبہ بھر میں 100فیصد فری ادویات اورہوم ڈلیوری جلد شروع کردی جائے گی۔پنجاب کے تمام اضلاع سیف سٹی، آئندہ 3 ماہ میں 18 شہر وںمیں سیف سٹی پراجیکٹس شروع ہو گا۔ پنجاب بھر میں 48لاکھ سے زیادہ رمضان نگہبان پیکیج تقسیم ہوچکے ہیں۔طلبہ اور طالبات کو20 ہزار موٹر بائیکس دیں گے، ہر ضلع میں 3 ہزار بائیکس دی جائیں گی۔ طلبہ کو لیپ ٹاپ اور آئی بیڈز بھی دیئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ 36اضلاع میں سالڈ ویسٹ کولیکشن کا جامع نظام لارہے ہیں۔ دیہات سمیت تمام اضلاع میں پی پی موڈ پر ویسٹ مینجمنٹ کا نظام آئندہ 3 ماہ میں قائم کرنے کا ٹارگٹ دیا ہے۔انہوںنے کہا کہ ڈور پھرنے کا واقعہ بہت تکلیف دہ ہے،بچے کے ساتھ ظلم ہوا، واقعہ نظر انداز نہیں کرسکتے۔ہمارا اجتماعی شعور شاید ان واقعات کا عادی ہوچکا ہے۔

ورکروں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے قانون لارہے ہیں،عمل بھی کرائیں گے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سابق سینیٹر پرویز رشید، چیف سیکرٹری ،آئی جی اور دیگر حکام بھی موجودتھے۔ سینیٹ ٹکٹ ہولڈرطلال چوہدری،رکن قومی اسمبلی چودھری شہباز بابر،ممبر صوبائی اسمبلی خان بہادر،جعفر علی ہوچہ، چودھری عارف گل،راؤ کاشف رحیم،ظفر اقبال ناگرہ،عظمیٰ جبین ، قدسیہ بتول اور خلیل طاہر سندھوموجود تھے۔

مسلم لیگ ن فیصل آباد کے ٹکٹ ہولڈرزرانا ثناء اللہ خان، آزاد علی تبسم، نواب شیر وسیر، علی گوہر بلوچ، محمد قاسم فاروق،عرفان احمد،عابد شیر علی،حاجی محمد اکرم انصاری،دانیال احمد،شعیب ادریس،محمد اشرف چوہدری،محمد صفدر شاکر،خالد پرویز،محمد اجمل آصف،حامد رشید،فقیر حسین ڈوگر،اسرار احمد خان،علی عباس خان،محمد یوسف،محمد طاہر پرویز،احمد شیریار،محمد رضوان بٹ،محمد رزاق ملک بھی موجود تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات