فضل الرحمان نے ضمنی الیکشن کا بائیکاٹ اور رمضان کے بعدجلسوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا

عوام کو ووٹ کے حق کیلئے متحد کرنا ہوگا،25 اپریل کو بلوچستان سے”عوامی اسمبلی “ تحریک کا آغاز کریں گے، ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ انتخابات کے نتائج کو تسلیم نہیں کرتے اور انہیں مسترد کرتے ہیں،ویڈیو پیغام

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 27 مارچ 2024 10:36

فضل الرحمان نے ضمنی الیکشن کا بائیکاٹ اور رمضان کے بعدجلسوں کے شیڈول ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 مارچ2024 ء) جمعیت علماءاسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے رمضان کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں جلسوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا، عوام کو ووٹ کے حق کیلئے متحد کرنا ہوگا ۔اپنے ویڈیو پیغام میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 25 اپریل کو بلوچستان سے تحریک کا آغاز کریں گے، اجتماعات کو عوامی اسمبلی کا نام دیتے ہیں، 25 اپریل کو پشین میں بڑا جلسہ کیا جائے گا جس میں بلوچستان بھر سے عوام شریک ہوں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 2 مئی کو کراچی میں عوامی اسمبلی کا انعقاد ہوگا، سندھ بھر سے عوام شریک ہوں گے، 9 مئی کو پشاور میں عوامی اسمبلی منعقد ہو گی اور اس میں خیبرپختونخواہ کے عوام شریک ہوں گے، پشاور جلسے کے بعد لاہور کیلئے تاریخ کا تعین کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کی مرکزی مجلس عاملہ نے 8 فروری 2024 کے نتائج کو مسترد کردیا تھا۔

جے یو آئی کا کوئی امیدوار ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لے گا، ملک کو حقیقی اسلامی فلاحی و جمہوری ریاست بنانے کیلئے بھرپور جدوجہد کریں گے، کارکن اللہ کریم سے مدد و نصرت مانگیں اور ابھی سے محنت شروع کردیں۔ 2018 میں عوام کے حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈالا گیا تھا، 2024 میں ایک بار پھر عوام کے حق رائے دہی پر شب خون مارا گیا۔ ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ ان انتخابات کے نتائج کو تسلیم نہیں کرتے اور انہیں مسترد کرتے ہیں کیونکہ یہ پارلیمنٹ عوام کی نمائندہ نہیں ہے ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط کے حوالے سے سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ ہائیکورٹ ججزکہہ رہے ہیں کہ ہمارے معاملات میں مداخلت ہورہی ہے اور خواجہ آصف نے ماضی کے دریچوں سے پردہ اٹھایا ہے۔ہم نے عوام کی طرف جانے کا فیصلہ کیا ہے، عوام کو اعتماد میں لیں گے تاکہ وہ اپنے ووٹ کے حق کیلئے متحد ہوسکیں۔مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ ہم ملک بھر میں بھرپور عوامی اجتماعات کا انعقاد کریں گے اور ان اجتماعات کا عنوان ’عوام اسمبلی‘ ہوگا، اس تحریک میں اپوزیشن جماعتوں کو بھی ساتھ ملائیں گے تاکہ عوامی صفوں کو متحد کرسکیں، عوامی تحریک کا مقصد عوام کو ووٹ کیلئے متحد کرکے ان کو ووٹ کے تحفظ کے قابل بنانا ہے۔

انہوں نے کہا ان شا اللہ اب رمضان کے بعد تحریک چلے گی، فیصلے اب ایوان میں نہیں میدان میں ہوں گے، مقتدرہ کی اسمبلی نہیں عوامی اسمبلی چلے گی۔