این اے 148 ملتان میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد

آر او کی رپورٹ کے مطابق نتائج درست جاری کیے گئے، فارم 45 کے تحت ہی فارم 47 جاری ہوا، درخواست گزار الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرسکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کا تحریری فیصلہ

Sajid Ali ساجد علی بدھ 27 مارچ 2024 12:15

این اے 148 ملتان میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مارچ 2024ء ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملتان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 148 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست خارج کردی۔ تفصیلات کے مطابق بیرسٹر تیمور الطاف اور ملک احمد حسین ڈیہڑ نے درخواستیں دائر کی تھیں، جن پر ممبر سندھ کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے فیصلہ دیا اور این اے 148 سے سید یوسف رضا گیلانی کی کامیابی برقرار رکھا۔

الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں تحریری فیصلہ جاری کر دیا، جس میں الیکشن کمیشن کی طرف سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور نتائج درستگی کی درخواست مسترد کردی گئی، اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آر او کی رپورٹ کے مطابق نتائج درست جاری کیے گئے، فارم 45 کے تحت ہی فارم 47 جاری ہوا، درخواست گزار الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ صوبہ پنجاب کے شہر ملتان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 148 کے ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقے کا نظر ثانی شدہ فارم 47 جاری کیا گیا، نئے جاری شدہ فارم 47 میں سابق وزیراعظم کی لیڈ کم ہوکر 104 ووٹ تک آگئی، فارم47 کے میں سابق وزیراعظم کے حاصل کردہ ووٹوں کی تعداد 68 ہزار 059 اور ان کے مخالف تحریک انصاف کے حمایت یافتہ تیمور ملک کے ووٹ 67 ہزار 955 بتائے گئے۔

نئے جاری شدہ فارم پر امیدوار تیمور ملک نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’قانون کے تحت نیا فارم 47 جاری کرنے سے پہلے مجھے اور نہ ہی میرے کسی ایجنٹ کو اطلاع دی گئی‘، اسی طرح یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے قاسم گیلانی کا بھی کہنا ہے کہ نیا فارم جاری کرنے سے پہلے ہمیں کسی قسم کی اطلاع نہیں دی گئی، رابطہ کرنے پر ہمیں بتایا گیا گزشتہ رزلٹ میں کچھ غلطیاں تھیں جنہیں اب دور کردیا گیا۔

علاوہ ازیں این اے 148 ملتان میں ساڑھے 12 ہزار ووٹ مسترد کیے جانے کا بھی انکشاف ہوچکا ہے، پی ٹی آئی حمایت یافتہ آزاد امیدوار این اے 148 بیرسٹر تیمور الطاف نے آر او کو دوبارہ گنتی کی درخواست دی، انہوں نے کہا کہ جیت میری بنتی ہے نتائج کو کالعدم قرار دیا جائے، ہمارے پاس 99 فیصد پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45 موجود ہے جن کے مطابق مجھے یوسف رضا گیلانی پر 7 ہزار سے زائد کی برتری حاصل ہے۔