سینیٹ الیکشن؛ پنجاب سے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی گئی

الیکشن کمیشن نے صوبے سے جنرل نشستوں پر بلا مقابلہ کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 مارچ 2024 11:10

سینیٹ الیکشن؛ پنجاب سے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی گئی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مارچ 2024ء ) الیکشن کمیشن نے صوبہ پنجاب سے سینیٹ الیکشن کے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق ٹیکنو کریٹ کی نشست پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، مسلم لیگ ن کے رہنما مصدق ملک اور ڈاکٹر یاسمین راشد مد مقابل ہوں گے، خواتین کی 2 مخصوص نشستوں پر 4 امیدوار مد مقابل ہیں، جن میں مسلم لیگ ن کی انوشے رحمان، بشریٰ انجم بٹ، پیپلز پارٹی کی فائزہ احمد اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کی امیدوار صنم جاوید شامل ہیں جب کہ اقلیتی نشست پر لیگی رہنماء خلیل طاہر سندھو اور پی ٹی آئی کی حمایت سے سنی اتحاد کونسل کے آصف عاشق مد مقابل ہوں گے۔

بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن پنجاب نے جنرل نشستوں پر بلا مقابلہ کامیاب ہونے والے امیدواروں کےنوٹی فکیشن بھی جاری کردیئے ہیں، مسلم لیگ ن کے 5 اور سنی اتحاد کونسل کے 2 سینیٹرز بلا مقابلہ منتخب ہوئے، مسلم لیگ ن کے پرویز رشید، احد چیمہ اور ناصر بٹ بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوئے، جنرل نشست پر بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہونے والوں میں ن لیگ کے طلال چوہدری بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار پی ٹی آئی رہنماء ایڈوکیٹ حامد خان اور سنی اتحاد کونسل کے حمایت یافتہ ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس بھی سینیٹر منتخب ہوگئے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف سینیٹ کی 48 نشتوں پر 2 اپریل کو ہونے والے انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات عملے کی ٹریننگ کا عمل مکمل کرلیا، عملے کو 3 روزہ ٹریننگ الیکشن کمیشن مرکزی سیکریڑیٹ میں دی گئی جس کے تحت ملک بھر سے تعلق رکھنے والے الیکشن کمیشن کے 35 افسران کو ٹریننگ دی گئی، الیکشن کمیشن افسران نے سینیٹ انتخابات کا حصہ بننے والے عملے کو ٹریننگ دی، جس میں سینیٹ انتخابات میں بطور ریٹنرنگ افسران اور پولنگ افیسر تعینات ہونے والے عملے کو ٹرنینگ دی گی۔