پنجاب میں ضمنی الیکشن کیلئے تحریک انصاف کے امیدواروں کا اعلان

این اے 119 لاہور سے شہزاد فاروق، پی پی 32 گجرات سے چوہدری پرویزالہیٰ اور پی پی 158 سے مونس الہیٰ بھی امیدواروں میں شامل ہیں

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 مارچ 2024 11:53

پنجاب میں ضمنی الیکشن کیلئے تحریک انصاف کے امیدواروں کا اعلان
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مارچ 2024ء ) صوبہ پنجاب میں ضمنی الیکشن کیلئے تحریک انصاف کے امیدواروں کا اعلان کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی حماد اظہر نے پنجاب میں ضمنی الیکشن کے لیے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کا اعلان کیا، جس کے تحت این اے 119 لاہور سے شہزاد فاروق ، این اے 132 قصور سے سردار محمد حسین ڈوگر اور پی پی 32 گجرات سے چوہدری پرویزالہیٰ امیدوار ہوں گے۔

بتایا گیا ہے کہ پی پی 22 چکوال سے حکیم انصار، پی پی 54 نارووال سے اویس قاسم پی ٹی آئی کے امیدوار ہوں گے، اس کے علاوہ پی پی 139 شیخوپورہ سے اعجازبھٹی، پی پی 149 لاہور سے حافظ ذیشان، پی پی 158 سے مونس الہیٰ اور پی پی 164سے یوسف میو ضمنی انتخابات میں قسمت آزمائی کریں گے۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے صوبہ پنجاب سے سینیٹ الیکشن کے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی، ٹیکنو کریٹ کی نشست پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، مسلم لیگ ن کے رہنما مصدق ملک اور ڈاکٹر یاسمین راشد مد مقابل ہوں گے، خواتین کی 2 مخصوص نشستوں پر 4 امیدوار مد مقابل ہیں، جن میں مسلم لیگ ن کی انوشے رحمان، بشریٰ انجم بٹ، پیپلز پارٹی کی فائزہ احمد اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کی امیدوار صنم جاوید شامل ہیں جب کہ اقلیتی نشست پر لیگی رہنماء خلیل طاہر سندھو اور پی ٹی آئی کی حمایت سے سنی اتحاد کونسل کے آصف عاشق مد مقابل ہوں گے۔

(جاری ہے)

اسی طرح الیکشن کمیشن پنجاب نے جنرل نشستوں پر بلا مقابلہ کامیاب ہونے والے امیدواروں کےنوٹی فکیشن بھی جاری کردیئے ہیں، مسلم لیگ ن کے 5 اور سنی اتحاد کونسل کے 2 سینیٹرز بلا مقابلہ منتخب ہوئے، مسلم لیگ ن کے پرویز رشید، احد چیمہ اور ناصر بٹ بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوئے، جنرل نشست پر بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہونے والوں میں ن لیگ کے طلال چوہدری بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار پی ٹی آئی رہنماء ایڈوکیٹ حامد خان اور سنی اتحاد کونسل کے حمایت یافتہ ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس بھی سینیٹر منتخب ہوگئے۔