نیتن یاہو نے وفد امریکہ نا بھیجنے کا فیصلہ واپس لے لیا

ہم نے نئے شیڈول کے لیے مل کر کام شروع کر دیا ہے،ترجمان وائٹ ہائوس

جمعرات 28 مارچ 2024 12:07

نیتن یاہو نے وفد امریکہ نا بھیجنے کا فیصلہ واپس لے لیا
واشنگٹن/تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر نے اپنے فیصلے سے رجوع کرتے ہوئے وائٹ ہائوس سے درخواست کی ہے کہ مشاورت کے لیے اسرائیل کے اعلی سطح کے وفد کے لیے اگلے ہی ہفتے میں فوری وقت دیا جائے۔ اسرائیل رفح میں اسرائیلی فوج کے حملے کے لیے ضروری مشاورت کے لیے وفد بھیجنا چاہتا ہے۔

عرب ٹی وی کے مطابق وائٹ ہائوس کی ترجمان کیرین جین پیئیر نے بتایا کہ اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے اسرائیلی وفد کے لیے نیا شیڈول بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ لہذا ہم نے نئے شیڈول کے لیے مل کر کام شروع کر دیا ہے۔ تاکہ دونوں کے موزوں وقت طے ہو سکے۔ ایک امریکی ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایاکہ اسرائیلی وفد کی اگلے ہفتے کے شروع میں ہی آمد ہو سکتی ہے، اس سلسلے میں وقت طے کیا جارہا ہے تاہم اس بارے میں نیتن یاہو کے دفتر نے ابھی میڈیا کے سامنے اس بارے میں کچھ نہیں بولا ۔

(جاری ہے)

تاہم یہ معلوم ہوا ہے کہ اسرائیلی وفد جس کی امریکہ روانگی جلد ممکن بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس وفد کی قیادت اسرائیلی سٹریٹجک امور کے وزیر رون ڈیرمر اور قومی سلامتی کے مشیر ذاچی ہنگبئی کریں گے۔ مذاکرات کا اہم ترین موضوع 15 لاکھ فلسطینی بے گھروں کی پناہ گاہ رفح پر اسرائیلی حملے کی حکمت عملی اور تعاون پر اتفاق ہے۔ تاکہ دونوں اتحادیوں کے درمیان تعاون میں کمی کا اندیشہ نہ رہے۔