اسرائیل نے سفید پرچم اٹھانے والے 2 فلسطینیوں کو بھی قتل کر دیا

واقعہ جاری اسرائیلی مظالم کی واضح تصدیق ہے،عالمی مندوب رچرڈ فالک کا ردعمل

جمعرات 28 مارچ 2024 13:23

اسرائیل نے سفید پرچم اٹھانے والے 2 فلسطینیوں کو بھی قتل کر دیا
تل ابیب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) اسرائیل کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کے قتل کا ایک اور واقعہ پیش آیا، سفید پرچم اٹھانے کے باوجود 2 فلسطینیوں کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے نمائندے رچرڈ فالک نے کہا کہ یہ واقعہ جاری اسرائیلی مظالم کی واضح تصدیق ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ سٹی، شاطی اور جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر فضائی حملے کیے گئے۔

(جاری ہے)

غزہ پر 3 دن میں اسرائیلی حملوں میں 160 فلسطینی شہید اور 195 زخمی ہوئے ہیں۔دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے فرانسسکا البانیز پر یہود دشمنی کا الزام لگا دیا۔عرب میڈیا کے مطابق فرانسسکا البانیز نے کہا تھا کہ غزہ میں اسرائیل نسل کشی کر رہا ہے۔برطانیہ میں 130 سے زائد ارکان پارلیمنٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو اسلحے کے برآمدی لائسنس حکومت فوری معطل کرے۔واضح رہے کہ روایتی طور پر سفید پرچم اٹھانے سے مراد میدان جنگ میں ہتھیار ڈالنے کی علامت ہوتی ہے۔