دارالحکومت مظفرآباد میں گراں فروشی برداشت نہیں کریں گے،مشیر حکومت نثارہ عباسی

جمعرات 28 مارچ 2024 17:46

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) دارالحکومت مظفرآباد میں گراں فروشی برداشت نہیں کریں گے۔ مظفرآباد میں ضلعی انتظامیہ مہنگائی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف فوری کارروائی کریں۔ ریٹ لسٹ آویزاں کروائی جائے۔ ناقص، مضر صحت، غیر معیاری سبزیاں، پھل، دہی، دودھ ، مرغ، گوشت، مچھلی مارکیٹوں میں فروخت کے لئے نہ لانے دی جائے۔

سبزی منڈی کے تاجر اور آڑھتی رمضان میں روزہ داروں کو ریلیف دیں۔ گراں فروشی سے باز رہیں۔ ضلعی ، تحصیل انتظامیہ بلدیہ ، میونسپل ، ٹائون کمیٹیاں فوری ایکشن لیں۔ گرفتاریاں، بھاری جرمانے اور دکانات سیل، ریڑھیاں بند کریں۔ ان خیالات کا اظہار مشیر حکومت مسلم لیگ (ن) محترمہ نثارہ عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں ہدایت کی گئی تھی کہ دارالحکومت مظفرآباد میں گراں فروشی کو کنٹرول کیا جائے گا۔

لیکن گراں فروشی عروج پر ہے۔ روزہ دار بے دردی سے گراں فروشوں کے ہتھے لٹ رہے ہیں۔ جو ناقابل معافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دارالحکومت مظفرآباد کے بازاروں، مارکیٹوں، اور شاپنگ سنٹرز میں خوفناک مہنگائی ہے۔ اس پر دکاندار، سبزی فروش، گوشت، مرغ فروش نے من پسند ریٹ لگا رکھے ہیں۔ اشیاء خورد نوش کے بھی ریٹ الگ الگ ہیں۔ ہر دکاندار نے اپنا اپنا ریٹ مقرر کیا ہوا ہے۔

ضلعی انتظامیہ بلدیہ عظمیٰ مجسٹریٹ، پرائس کنٹرول کمیٹی، میونسپل کمیٹی، ٹائون کمیٹیاں، فوڈ اتھارٹی حکومت کی جاری کردہ احکامات پر عملدرآمد کرے۔ موبائل ٹیمیں بازاروں مارکیٹوں کی 100فیصد چیکنگ یقینی بنائیں۔ گراں فروشوں کو کھلی چھٹی نہ دی جائے۔ ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر روزہ دار تنقید کر رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ پرائس کنٹرول کمیٹی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔