مسیحی ملازمین کے تہوار ایسٹر سے قبل ماہ اپریل کی ماہوار تنخواہ کی ایڈونس ادائیگی کا نوٹیفیکیشن جاری

جمعہ 29 مارچ 2024 19:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کے مرکزی چیئرمین سید ذوالفقار شاہ (کراچی) مرکزی صدر ملک نویداعوان (پشاور) مرکزی جنرل سیکرٹری ملک نصیرالدین ہمایوں (گوجرانوالہ) صوبائی اور مرکزی قائدین نے کہا ہے کہ مسیحی قوم اپنا مذہبی تہوار ایسٹر دنیا بھر میں 31 مارچ کو مذہبی عقیدت و احترام سے منائے گی۔

اس سلسلے میں بلدیاتی مسیحی ملازمین کو ایسٹر کا تہوار اپنے عزیز و اقارب کے ہمراہ منانے کیلئے یونین کے معاہدے اور عدالتی احکامات کے تحت تہوار سے قبل تنخواہیں اور پنشن ادا کی جاتی ہیں اس سلسلے میں صوبے بھر کے مسیحی ملازمین و پنشنرز کو ایسٹر کے تہوار سے قبل ماہ اپریل کی ماہوار تنخواہیں ایڈوانس ادا کرنے کا نوٹیفیکشن جاری کردیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

تاکہ وہ اپنے اہل و عیال کے ہمراہ مذہبی جوش و خروش سے اپنا تہوار ایسٹر مناسکیں۔ اس سلسلے میں مرکزی چیئرمین سیدذوالفقارشاہ نے وزیراعلی سندھ،چیف سیکریٹری سندھ اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو خطوط روانہ کردیئے تھے۔جس پر ایسٹر کی تنخواہ 29 مارچ کو ادا کرنے کا نوٹیفکیشن تو جاری کردیا گیا ہے۔لیکن تاحال اوزیڈ ٹی گرانٹ جاری نہیں کی گئی ہے۔

رمضان المبارک میں بینک اور دفاترکی مخصوص ٹائمنگ کے باعث اگر تاخیر سے اوزیڈ ٹی جاری کی جاتی ہے توپھر ایسٹر کے تہوار پر قبل از تہوار تنخواہوں کی ادائیگی ممکن نہیں ہوسکتی۔انہوں نے اس سلسلے میں پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے اس سلسلے میں نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔جبکہ گزشتہ روز ایڈیشنل چیف سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو آگاہ کرنے کیلیے لیٹر بھی وصول کروادیاہے۔تنخواہوں کی ایسٹر سے قبل ادائیگی نہ ہونے پر کام چھوڑ ہڑتال کی کال بھی دیدی گئی ہے۔