عدلیہ کو اہم ایشوز سے فراغت ہو تو ایف بی آر محصولات توجہ کے مستحق ہیں، خواجہ آصف

4ارب سے قرض اور آئی ایم ایف سے نجات مل سکتی ہے،وزیردفاع کابیان

جمعہ 29 مارچ 2024 23:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ عدلیہ کو اگر اہم ایشوز سے فراغت ہو تو ایف بی آر محصولات توجہ کے مستحق ہیں۔ایکس پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہاکہ سپریم کورٹ میں 102ارب محصولات کے کیس سالوں سے فیصلوں کے منتظر ہیں۔وزیر دفاع نے کہاکہ ہائی کورٹ میں 742ارب جبکہ ٹریبونلز میں 1700ارب کے محصولات کیسز ہیں،میں کوشش میں ہوں کے پتا چلے کہ یہ سلسلہ کب سے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ کئی سال پہلے میں نے پی اے سی میں محصولات کا مسئلہ اٹھایا تھا،محصولات کا مسئلہ اٹھایا مگر ایف بی آر نے زیادہ لفٹ نہ کروائی،یہ سب ایف بی آر، ٹیکس نا دہندہ اور عدلیہ کی ملی بھگت سے ہوتا ہے۔انہوںنے کہاکہ یہ 2544ارب ہمارے بہت سے دکھ دور کر سکتے ہیں، صحت، تعلیم اور دفاع کے اخراجات پورے ہو سکتے ہیں، قرض اور آئی ایم ایف سے نجات مل سکتی ہے۔خواجہ آصف نے کہاکہ محصولات مذاکرات کے ذریعے سیٹل کیے جا سکتے ہیں بس تھوڑی ایمانداری اور وطن سے محبت کی ضرورت ہوگی۔