ساری صورتحال میں حکمران محض اقتدار کوانجوانے کررہے ہیں‘ذبیح اللہ بلگن

قومی قیادت کو پارٹی اختلافات سے بالاتر ہوکر مل بیٹھنا ہوگا‘رہنما جماعت اسلامی

اتوار 31 مارچ 2024 11:25

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2024ء) جماعت اسلامی کے رہنما ذبیح اللہ بلگن نے کہاہے کہ ملک دوخاندانوں، مفاد پرستوں اور اقتدار کی خاطر سب کچھ کرجانے والوں کے نرغے میں ہے، حکومت دھاندلی زدہ الیکشن کے نتیجہ میں بنی، سیاسی عدم استحکام میں اضافہ ، معاشی بحران مزید بڑھے گا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ساری صورتحال میں حکمران محض اقتدار کوانجوانے کررہے ہیں اور پارلیمان لاتعلق ہے ، مسائل کاسیاسی حل تلاش کیا جائے، قومی قیادت کو پارٹی اختلافات سے بالاتر ہوکر مل بیٹھنا ہوگا۔

انہوںنے کہا کہ مہنگائی نے زندگیوں کو اجیرن کردیا ہے، رمضان کے مہینے میں بھی مہنگائی کنٹرول نہیں ہورہی ، حکومت کے پاس معیشت کی بہتری کے لیے آئی ایم ایف کے علاوہ کوئی حل نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ خودانحصاری کا اصول اپنایا جائے، غیرترقیاتی اخراجات میں پہلے مرحلے میں کم ازکم پچاس فیصد کمی کی جائے، سود اورکرپشن سے چھٹکارا حاصل کیا جائے ، سودی معیشت سے نجات کے لیے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کو نافذکیاجائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی مزید مہنگی ہوگئی ہے، پیٹرول مہنگا کرنے کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں جبکہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ بھی متوقع ہے۔ نئی حکومت سے مستقبل میں کسی قسم کی کوئی خیر کی امید نظر نہیں آرہی ہے۔