گلگت بلتستان میں تھریٹ الرٹ، سیکیورٹی میں اضافہ

اتوار 31 مارچ 2024 14:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2024ء) وزارت داخلہ کی جانب سے دہشتگردوں کے ممکنہ حملوں کے خطرے کے حوالے سے جاری تھریٹ الرٹ کے بعد گلگت بلتستان بھر میں سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان کے وزیر داخلہ شمس الحق لون نے بتایا کہ وفاقی وزارت داخلہ نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے ممکنہ حملوں کے حوالے سے تھریٹ الرٹ جاری کرتے ہوئے خطے کی حکومت کو سیکیورٹی میں اضافہ کرنے کا کہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رمضان کے آخری 10 دن حساس ہوتے ہیں کیونکہ اس دوران بشمول جمعہ اور عید کی نماز جیسے بہت سے مذہبی اجتماعات منعقد کیے جاتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ملاقاتیں بھی کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ان اجلاسوں میں حساس مقامات اور ریجن کے داخلی راستوں پر چیکنگ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا اور خواتین پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان اسکائوٹس کو بھی ریجن میں تعینات کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں پنجاب پولیس کے محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی)نے سیکیورٹی خطرات کے حوالے سے خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے انسپکٹر جنرلز کو خط ارسال کیا ہے۔خط میں بتایا گیا کہ کالعدم ٹی ٹی پی نے مبینہ طور پر 19 اور 21 رمضان کے درمیان حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔گلگت رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل مرزا حسن نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ خطرات کے پیش نظر مذہبی اجتماعات، مساجد اور دیگر اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔