ایم کیو ایم پاکستان نے علی خورشیدی کو سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا

شہرقائد میں امن و امان کے معاملے پر ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کروادی سندھ حکومت نے شہرکو ڈکیتوں کے سپرد کر دیاہے، ایم کیوایم کسی صورت عوام کو ڈاکوئوں کے رحم و کرم پر نہیں رہنے دے گی،ڈاکٹرفاروق ستار

اتوار 31 مارچ 2024 14:05

ایم کیو ایم پاکستان نے علی خورشیدی کو سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2024ء) ایم کیو ایم پاکستان نے علی خورشیدی کو سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا جبکہ شہرقائد میں امن و امان کے معاملے پر ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کروادی ہے۔ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کی زیرصدارت ایم کیو ایم اراکین سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوا۔

جس میں شہر قائد کی بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔اس موقع پر فاروق ستار نے کہا کہ سندھ حکومت نے شہرکو ڈکیتوں کے سپرد کر دیاہے، ایم کیوایم کسی صورت عوام کو ڈاکوئوں کے رحم و کرم پر نہیں رہنے دے گی،انہوں نے کہاکہ شہر میں روزانہ سیکڑوں وارداتیں ہورہی ہیں، جس میں شہریوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت امن وامان کے قیام میں ناکام ہوچکی ہے، شہر میں حکومت و انتظامیہ کا وجود کہیں دکھائی نہیں دے رہا۔

ڈاکٹرفاروق ستار نے کہاکہ سندھ حکومت نے تحفظ کیلئے اقدامات نہ کئے تو احتجاج ہوگا۔ دوسری طرف ایم کیو ایم پاکستان نے علی خورشیدی کو سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کیلئے نامزد کردیا۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان ایڈہاک کمیٹی اجلاس میں علی خورشیدی کو سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے نامزد کیا گیا۔واضح رہے کہ علی خورشیدی پی ایس 119 سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ وہ 2018 میں ایم کیو ایم کی طرف سے پارلیمانی لیڈر بھی رہ چکے ہیں۔ اس سے قبل مراد علی شاہ کے مقابل علی خورشیدی ایم کیو ایم کی جانب سے وزیراعلی کے بھی امیدوار تھے۔