خالق حقیقی کی خوشنودی اور خدمت خلق کی اعلیٰ مثال دراصل اپنی ضرورت دوسرے انسانوں کیلئے قربان کرنے میں ہے، گورنر بلوچستان

اتوار 31 مارچ 2024 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2024ء) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ خالق حقیقی کی خوشنودی اور خدمت خلق کی اعلیٰ مثال دراصل اپنی ضرورت دوسرے انسانوں کیلئے قربان کرنے میں ہے۔ انہوں نے صوبے بھر کے صاحب استطاعت اور مخیر حضرات پر زور دیا کہ عبادتوں اور رحمتوں کے اس مقدس مہینے میں اپنی زکوٰۃ اور صدقات اپنے اردگرد موجود یتیموں اور بیواؤں، مریضوں اور فیس ادائیگی کی استطاعت نہ رکھنے والے ان غریب طلباء و طالبات کو عطیہ کریں۔

گورنر بلوچستان نےتمام صاحب استطاعت اشخاص کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مالی مدد و معاونت کرتے وقت جانے پہچانے مستحق رشتہ داروں اور ہمسایوں کی بجائے اجنبی افراد اور غیر رجسٹرڈ اداروں کو دینے سے انسانیت کی فلاح و بہبود کی بجائے ہماری اجتماعی تباہی و بربادی کا باعث بھی بن سکتا ہے کیونکہ انجانے میں آپ کی دی گئی رقم کسی تخریب کار کے ہاتھوں میں بھی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

لہٰذا بہت محتاط رہنے کی تاکید کی جاتی ہے تاکہ حق صرف حقدار تک پہنچ جائے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ میں موجود نادار اور غریب لوگوں کی چھوٹی سی مدد سے وہ معاشرہ کے مفید شہری بھی بن سکتے ہیں۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ کوئی شخص زکوۃ و خیرات لینے کی بجائے اگلے سال زکواۃ دینے والوں کی فہرست میں شامل ہو جائے تو زکوٰۃ کی رقوم سے آپ بیک وقت کئی افراد کو چھوٹا کاروبار شروع کروا دینے میں مالی مدد فراہم کر سکتے ہیں ۔ اس طرح انکے خاندان بھی دوسروں کے سامنے ہاتھ پھیلانے سے بچ جائیں گے۔ یہی مالی معاونت کا نہ صرف بہترین مصرف ہوگا بلکہ وہ خود کام کرنے اور اپنے ہاتھ سے کمانے کے قابل ہو جائیں گے۔