امریکی عہدیدار ریاض اور مسقط کا دورہ کریں گے

لینڈرکنگ علاقائی حکام سے حوثی حملوں پر ملاقات کریں گے،محکمہ خارجہ

منگل 2 اپریل 2024 12:15

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2024ء) امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ یمن کے لیے اس کے خصوصی ایلچی ٹم لینڈرکنگ اس ہفتے سعودی عرب اور سلطنت عمان کا دورہ کریں گے اور شراکت داروں سے ملاقات کریں گے تاکہ بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں حوثیوں کے حملوں کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ لینڈرکنگ علاقائی حکام سے ملاقات کریں گے تاکہ موجودہ صورتحال کو پرسکون کرنے کے لیے ضروری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے اور یمنی عوام کے لیے دیرپا امن کے حصول پر توجہ مرکوز کی جائے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے تصدیق کی کہ امریکہ یمن میں پائیدار امن کی حمایت اور یمنی عوام کو نقصان پہنچانے والے پیچیدہ انسانی اور اقتصادی بحرانوں کے خاتمے کے لیے پختہ عزم پر قائم ہے۔حوثیوں کے تجارتی جہازوں پر اندھا دھند حملے بند ہوتے ہی اس نے اقوام متحدہ کی زیر قیادت امن کوششوں میں واپسی کے لیے واشنگٹن کی حمایت کی تجدید بھی کی۔