کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی، 22مبینہ دہشت گردگرفتار

منگل 2 اپریل 2024 14:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2024ء) کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی)پنجاب نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے آپریشنز کے دوران کالعدم تنظیموں کے22مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں 232خفیہ آپریشنز کئے جس دوران233مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اورکالعدم تنظیموں کے 22 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتارکر کے اسلحہ، دھماکہ خیز و دیگر ممنوعی مواد برآمد کر لیا۔

گرفتار ہونے والے دہشت گردوں میں ثنا اللہ،محمد شہزاد، مدثر تاج ،فضل مولا،سید محمد الیاس صدام ، گل اعظم اسد اللہ، رحمان اللہ قاری، محمد سمیع اللہ ، شفیق آصف، سید نبی، فہد اسلام ، ذیشان اختر ، رضا بیگ ، محمد اسامہ اعظم محمد زبیر قاسمی ، شعیب اختر ، عابد عرفان عباسی، سید عبدالحلیم ،عبدالرحمن خدائی ، عمر فاروق سہیل ، رانا محمد یاسر اورمحمد کوثر شامل ہیں جن کا تعلق کالعدم تنظیموں تحریک طالبان پاکستان ،القاعدہ، لشکرجھنگوی، سپاہ صحابہ، بلوچ لبریشن آرمی اور جیش محمد اور حزب التحریرسے ہے۔

(جاری ہے)

ان مبینہ دہشت گردوں کی گرفتاری چکوال، میانوالی، خانیوال، راولپنڈی، لاہور، بہاولنگر، اٹک ، گوجرانوالہ، سرگودھا، بہاولپور ، میانوالی اور جھنگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران عمل میں لائی گئی۔دہشتگردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد 3332 گرام، آئی ای ڈی بم 03، ڈیٹونیٹرز 27، حفاظتی فیوز تار 60 فٹ، پرائما کارڈ 5.1، ممنوعہ بکس06، پمفلٹس 102،کالعدم تنظیم کے 89 اسٹیکرز، رسید بکس 07، 2 موبائل فونز اور66055روپے نقدی برآمد کئے گئے ہیں۔

ترجمان نے کہاکہ دہشت گردوں نے تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور وہ دہشتگردانہ کارروائی میں اہم تنصیبات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے۔گرفتار مبینہ دہشت گردوں کے خلاف سرگودھا،ملتان، راولپنڈی، فیصل آباد، ساہیوال، لاہور، بہاولپور، گوجرانوالہ میں19ایف آئی آر درج کر کے تفتیش کے لیے ان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ رواں ہفتے کے دوران مقامی پولیس اور سکیورٹی اداروں کی مدد سے سی ٹی ڈی پنجاب نے1081کومبنگ آپریشنز کیے گئے ان کومبنگ آپریشنز کے دوران 43792افراد کو چیک کیا گیا،149مشتبہ افراد کو گرفتار،134ایف آئی آر درج جبکہ99بازیابیاں کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ کانٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب پوری مستعدی سے محفوظ پنجاب کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے اوردہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔دہشت گردوں اور ریاست دشمن عناصر کو سلاخوں کے پیچھے پہنچانے کی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے متعلق کسی بھی معلومات کی صورت میں کانٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی ہیلپ لائن 0800-11111 پر اطلاع کریں۔