اوپن یونیورسٹی میں مقابلہ حسنِ نعت کا انعقاد،18 طلباء و طالبات نے شرکت کی

منگل 2 اپریل 2024 16:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2024ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں رمضان المبارک کی مناسبت سے مقابلہ حسنِ نعت کا انعقاد ہوا جس میں روالپنڈی اور اسلام آباد کی مختلف جامعات کے 18 طلباء و طالبات نے شرکت کی اور گلہائے عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ وائس چانسلر علامہ اقبال اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈی جی ریجنل سروسز ڈاکٹرملک توقیر احمد خان نے میزبانی کے فرائض ادا کئے۔

اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ نعت رسولﷺ پیش کرنا بڑی سعادت ہے اور اس میں نہ کوئی مقابلہ ہوتا ہے اور نہ کوئی پوزیشن بلکہ یہ تو عقیدت و محبت کا اظہار ہے۔انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی حیاتِ طیبہ پوری انسانیت کے لئے ضابطہ ہے جس پر عمل کر کے دنیا و آخرت کو حسین بنا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے ڈی جی ریجنل سروسز کی ایماء پر صوبائی ریجنل دفاتر میں قرأت،نعت، تقاریر و ملی نغموں کے مقابلوں کے انعقاد کے احکامات بھی جاری کئے۔

ریجنز کے فاتحین 12 ربیع الاول اور یومِ آزادی پر اسلام آباد مین کیمپس میں فائنل تقریب میں شرکت کریں گے۔ ڈی جی ریجنل سروسز ڈاکٹرملک توقیر احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ تقریب 50سالہ تقریبات کی ایک کڑی ہے اور رمضان المبارک کی با برکت سعاتوں کو سمیٹنے کا ایک موقع ہے۔ انہوں نے شرکت پر وائس چانسلر تمام اساتذہ، طلبہ اور یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

مقابلہ نعت میں محمد حشام الحسن نے پہلی،سبحان الخیری نے دوسری جبکہ محمد شکیل نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ پروفیسر ڈاکٹر ارشدمحمود ناشاد،پروفیسر ڈاکٹر محمد بشیر ملک اور لیکچرار محمد حامد نے منصفین کے فرائض انجام دئیے۔ تقریب میں رجسٹرار، ڈینز،پرنسپل افسران، فیکلٹی اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ ڈائریکوریٹ آف ریجنل سروسز کی سرپرستی میں ریجنل کیمپس راولپنڈی اور اسلام آباد نے تقریب کا اہتمام کیا۔