پی ٹی آئی کا عید کے بعد مزار قائد پر جلسے کا اعلان

تحریک انصاف نے جلسے کی اجازت کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 3 اپریل 2024 10:43

پی ٹی آئی کا عید کے بعد مزار قائد پر جلسے کا اعلان
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اپریل 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف نے عید کے بعد مزار قائد پر جلسے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے جلسے کی اجازت کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے، جمعہ 5 اپریل کو درخواست پر سماعت ہونے کا امکان ہے، اس حوالے سے بیرسٹر علی طاہر کے توسط سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ 28 اپریل کو مزار قائد کے قریب جلسہ کرنا چاہتے ہیں، ہم نے ڈی سی ساؤتھ کو 3 بار جلسے کی اجازت کی درخواست دی لیکن جواب نہیں دیا گیا، جلسہ عام تحریک انصاف کا جمہوری حق ہے، کمشنر کراچی اور ڈی سی ساؤتھ کو ہدایت کی جائے کہ جلسے کی اجازت کے ساتھ سیکیورٹی بھی فراہم کریں۔

علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کیخلاف تحریک کے آغاز کیلئے تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے، اس سلسلے میں تحریک انصاف کئی اپوزیشن جماعتوں کو ایک چھت تلے جمع کرنے میں بھی کامیاب ہو گئی ہے، عید کے فوری بعد تحریک انصاف وفاقی حکومت کیخلاف دما دم مست قلندر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، تحریک انصاف نے وفاقی حکومت کیخلاف تحریک کیلئے ہم خیال سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشترکہ گرینڈ الائنس تشکیل دے دیا ہے جس کی سربراہی محمود اچکزئی کو دینے پر اتفاق کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اتحاد میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے محمود اچکزئی سربراہی کریں گے اور وہ 3 دن کے اندر مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کر کے اتحاد میں شمولیت کی دعوت دیں گے، مولانا فضل الرحمان پہلے سے ہی حکومت کے خلاف جانے کی کال دے چکے ہیں، محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں پی ٹی آئی اور جے یو آئی احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرے گی، پی ٹی آئی اور جے یو آئی محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں ساتھ چلیں گے جبکہ الائنس میں جماعت اسلامی کو بھی بڑا عہدہ ملنے کے امکانات ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے منگل کے روز اپوزیشن جماعتوں کا گرینڈ الائنس کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں جماعت اسلامی سے لیاقت بلوچ، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے محمود اچکزئی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے اختر مینگل، تحریک انصاف کے چیئرمین گوہر خان، مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس بھی شریک ہوئے، اجلاس میں تحریک انصاف کے اسد قیصر اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے بھی شرکت کی، اس اہم بیٹھک میں اپوزیشن اتحاد کی تشکیل سے متعلق امور پر مشاورت کی گئی اور کچھ اہم فیصلے بھی کیے گئے ان فیصلوں کا باقاعدہ اعلان جلد متوقع ہے۔